Masarrat
Masarrat Urdu

وزیر خزانہ کی سرکاری بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ میٹنگ، بیرون ملک مقیم ہندوستان سے مزید ڈپازٹس حاصل کرنے پر زور

Thumb

نئی دہلی، 13 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے سرکاری بینکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں (این آر آئیز) کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط کریں، نئے نوعیت کے ڈپازٹ پروڈکٹس متعارف کرائیں اور موجودہ اسکیموں کی بقیہ مدت کے دوران فنڈز جمع کرنے کی رفتار برقرار رکھیں۔

پیر کو نئی دہلی میں سرکاری شعبے کے بینکوں (پی ایس بی) اور عوامی مالیاتی اداروں (پی ایف آئی) کے منیجنگ ڈائریکرز (ایم ڈی) اور چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای او) کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں وزیر خزانہ نے غیر ملکی کرنسی غیر مقیم (بینک) [FCNR(B)] ڈپازٹس، بیرونی تجارتی قرضوں (ای سی بی) اور غیر ملکی کرنسی قرضوں کے سوآپ (OFCB Swap) سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں مالیاتی خدمات، اقتصادی امور اور محکمہ محصولات کے سیکریٹریز، چیف اکنامک ایڈوائزر، ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ڈپٹی گورنر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نرملا سیتا رمن نے ان اسکیموں پر بینکوں کی ابتدائی مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں تک اپنی رسائی مزید بڑھائیں، اختراعی ڈپازٹ اسکیمیں متعارف کرائیں اور بقیہ مدت میں سرمایہ جمع کرنے کی رفتار کو برقرار رکھیں۔

وزیر خزانہ نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ گفٹ سٹی (GIFT City) میں دستیاب مالیاتی خدمات اور ادارہ جاتی بنیادی ڈھانچے سے بھرپور استفادہ کریں۔

اجلاس میں حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے بینکوں اور عوامی مالیاتی اداروں کی مسلسل شمولیت سے غیر ملکی زرمبادلہ کے بہاؤ میں اضافہ، بھارت کے زرِ مبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے دوران بیرونی شعبے کو مستحکم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

اجلاس کے دوران مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں کے سربراہان نے وزیر خزانہ کو FCNR(B) ڈپازٹس، ایس سی بی اور او ایف سی بی کے لیے آر بی آئی کی سواپ سہولت کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

 

Ads