Masarrat
Masarrat Urdu

ڈرون حملوں پر عمان کا شدید احتجاج، ایرانی سفیر کو طلب کرکے مراسلہ تھما دیا

  • 12 Jul 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

مسقط،12 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) سلطنتِ عمان نے ایران کے ڈرون حملوں کے بعد ایران کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے، جس میں عمانی حکومت کے اثاثوں کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے جب کہ عمانی حکومت نے ایرانی حملے کو غیرذمہ دارانہ طرز عمل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایران پڑوسی ملکوں کی خود مختاری اور ان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے۔اتوار کے روز ایران کے حملوں میں عمان کو بھی نشانہ بنایا گیا. جس کے بعد سلطنتِ عمان کی وزارت خارجہ نے ایران کے سفیر موسیٰ فرہنگ کو مسقط میں طلب کیا اور حملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے باضابطہ احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔احتجاجی مراسلہ وزارت خارجہ کے انتظامی و مالی امور کے انڈر سیکریٹری شیخ خالد بن ہاشل المسلحی نے ایرانی سفیر سے ملاقات کے دوران دیا۔عمانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام صوبہ مسندم اور الوسطیٰ میں بغیر پائلٹ طیاروں (ڈرونز) کے ذریعے مختلف مقامات اور عمانی حکومت کے اثاثوں کو نشانہ بنانے کے بعد کیا گیا۔ملاقات کے دوران شیخ خالد بن بن حشیل المصلحی نے ان حملوں پر سلطنتِ عمان کی گہری تشویش اور شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیرذمہ دارانہ طرز عمل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات ریاستی خودمختاری، اچھے ہمسائیگی، ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت اور دونوں ہمسایہ ممالک اور ان کے عوام کے درمیان قائم تعلقات کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں۔عمانی حکام نے احتجاجی مراسلے میں ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ پڑوسی ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے، ان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے اور بین الاقوامی اصولوں، سفارتی روایات اور اخلاقی اقدار کی پاسداری کو یقینی بنائے۔وزارت خارجہ کے مطابق عمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، خودمختاری کے تحفظ اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی بنیاد پر استوار رہنے چاہییں۔

 

Ads