Masarrat
Masarrat Urdu

قطر کے سابق مرحوم امیر کے احترام میں ہندوستان میں کل ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان

Thumb

نئی دہلی، 12 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان نے قطر کے سابق مرحوم امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر ان کے احترام میں پیر کے روز ملک بھر میں ایک روزہ سرکاری سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ قطر کے امیر کا انتقال اتوار کو ہوا۔

وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ یومِ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں ان تمام سرکاری عمارتوں پر، جہاں معمول کے مطابق قومی پرچم لہرایا جاتا ہے، قومی پرچم سرنگوں رہے گا، جبکہ اس روز کسی بھی قسم کی سرکاری تفریحی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دوراندیش رہنما تھے، جنہوں نے قطر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا اور وہ ہندوستان کے سچے دوست بھی تھے۔

ذرائع کے مطابق، پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو جلد ہی قطر کا دورہ کر سکتے ہیں، جہاں وہ ہندوستان کی جانب سے قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کریں گے۔

 

Ads