Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا اپنے والد کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان

Thumb

تہران، 11 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا اپنے والد شہید سید آیت اللّٰہ خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔

تحریری بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ سپریم لیڈر کے قتل کا بدلہ قوم کا مطالبہ ہے اور یہ ضرور لیا جائے گا، ان مجرموں سے شہید رہنما سمیت تمام شہداء کا بدلہ لینے کا عہد کرتے ہیں اور ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

اپنے والد کی تدفین اور آخری رسومات کے اختتام پر جاری کیے گئے پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے ایران اور عراق میں کروڑوں افراد کی جانب سے شہید آیت اللّٰہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ تہران، قم، نجف، کربلا، مشہد سمیت دونوں ممالک کے شہروں اور دیہات میں عوام کی بھرپور شرکت قومی اتحاد، استقامت اور انقلابِ اسلامی سے وابستگی کا واضح اظہار ہے۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے عہد کیا کہ وہ ان کے مشن اور راستے کو پوری ثابت قدمی سے جاری رکھیں گے اور ایران مشکلات کے باوجود اپنے اہداف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں کی شناخت ہو چکی ہے اور انہیں یہ امید نہیں رکھنی چاہیے کہ وہ انصاف سے بچ سکیں گے۔ ان کے بقول، انتقام کا عمل کسی ایک فرد یا عہدے سے وابستہ نہیں بلکہ ہر حال میں جاری رہے گا۔

 

Ads