Masarrat
Masarrat Urdu

امارات نے ایران کے 10 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے آزاد کرنے پر رضامندی ظاہر کردی، مغربی میڈیا

Thumb

تہران، 13 جون (مسرت ڈاٹ کام) رائٹرز کے مطابق عرب امارات نے ایران کے 10 ارب ڈالر واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کردی اور اب تک 3 ارب ڈالر ایران کے حوالے کیے جاچکے ہیں، تاہم متحدہ عرب امارات نے کسی بھی مالی منتقلی یا اثاثوں کی رہائی کی تردید کردی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے مختلف ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ایران کے 10 ارب ڈالر مالیت کے منجمد اثاثے آزاد کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس رقم میں سے 3 ارب ڈالر سے زائد ایران کو فراہم کیے جاچکے ہیں، جبکہ باقی رقم کی منتقلی کے طریقۂ کار اور وقت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

تاہم اس دعوے کے برعکس ایرانی ذرائع ابلاغ پہلے ہی ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عرب امارات سے ایران 3 ارب ڈالر منتقل کیے جانے کی خبر بے بنیاد ہے اور اب تک ایران کے کسی بھی منجمد مالی اثاثوں کو بحال نہیں کیا گیا۔

قبل ازیں بعض میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا تھا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے پس پردہ قطری وفد کے ذریعے امریکی پیغام اور ساتھ ہی ابوظہبی سے تہران 3 ارب ڈالر کی منتقلی شامل تھی۔ ان رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایک اماراتی بوئنگ 737 طیارہ خصوصی اجازت کے تحت تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر اترا تھا۔

دوسری جانب وزارت خارجہ متحدہ عرب امارات نے ان تمام دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض بین الاقوامی ذرائع ابلاغ، جن میں رائٹرز بھی شامل ہے، کی جانب سے ایران کے لیے مالی وسائل کی منتقلی یا رہائی سے متعلق شائع ہونے والی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

بیان میں زور دیا گیا کہ ایران کے کسی بھی منجمد اثاثے کو امارات کے ذریعے نہ تو بحال کیا گیا ہے اور نہ ہی منتقل یا جابجا کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ نے میڈیا اداروں سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات کی اشاعت سے گریز کریں اور صرف سرکاری و مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

Ads