Masarrat
Masarrat Urdu

آئی اے ای اے ایران کی بیشتر جوہری تنصیبات تک رسائی سے محروم

  • 05 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

ویانا، 5 جون، (مسرت ڈاٹ کام) بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے علاوہ ایران کی بیشتر جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل کرنے سے اب بھی قاصر ہے، جس کے باعث جوہری سرگرمیوں کی نگرانی اور ان کی مکمل تصدیق کرنے کی اس کی صلاحیت محدود ہو گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ اسے ایران میں غیر اعلانیہ جوہری سرگرمیوں اور جوہری مواد کے ممکنہ وجود کے بارے میں شدید خدشات لاحق ہیں۔

ایجنسی کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام سے وابستہ بعض مقامات اور سرگرمیوں کے بارے میں معلومات میں مسلسل خلا موجود ہے، جس سے نگرانی کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔

آئی اے ای اے نے مزید کہا کہ معائنے اور جوہری تنصیبات تک رسائی پر عائد پابندیوں کے باعث وہ ایران کے پاس موجود اعلیٰ افزودہ یورینیم کے ذخیرے کی مقدار اور مقام کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے، جس پر اسے بڑھتی ہوئی تشویش ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ایران کی جوہری تنصیبات پر فوجی حملوں نے ایک غیر معمولی صورت حال پیدا کی ہے، تاہم ایجنسی کے نزدیک ایران میں تصدیقی سرگرمیوں کی فوری بحالی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

آئی اے ای اے نے یاد دلایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران تعاون میں کمی اور معائنہ کاروں کی رسائی پر پابندیوں کے باعث ایرانی جوہری پروگرام کی نگرانی کی اس کی صلاحیت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

ایجنسی کے مطابق افزودہ یورینیم کے ذخائر کی تصدیق کا معاملہ اب بھی تہران اور آئی اے ای اے کے درمیان سب سے اہم حل طلب مسائل میں شامل ہے، کیونکہ ذخائر کی اصل مقدار اور مقام کے بارے میں غیر یقینی صورتحال ایرانی جوہری سرگرمیوں کا درست جائزہ لینے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق سفارتی کوششیں جاری ہیں اور مغربی ممالک ایران سے شفافیت بڑھانے اور بین الاقوامی معائنہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ ایران مسلسل مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

 

 

Ads