مسٹر مودی نے اتوار کو آکاش وانی پر اپنے ماہانہ پروگرام 'من کی بات' میں کہا کہ ملک بھر میں بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے قصبوں تک، اسکولوں سے لے کر پارکوں تک ایسٹرونومی کلب تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "آج کے نوجوانوں میں بھی اسے لے کر کافی جوش و خروش دکھائی دیتا ہے۔ مجھے بنگلورو ایسٹرونومیکل سوسائٹی کے بارے میں معلومات ملی۔ یہاں خصوصی سیشن منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس ادارے نے دیہی علاقوں میں ایسٹرونومی کو مقبول بنانے کا مشن بھی شروع کیا ہے۔ 'کھگول منڈل' نامی ایک ٹیم نے 30 گھنٹے کا ایک بالکل نیا کورس شروع کیا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ اسی طرح اشوک کیرالہ نامی ایک ادارہ نائٹ کیمپ اور ورکشاپ منعقد کرتا ہے۔ یہاں نوجوان ساتھی ٹیلی اسکوپ بنانا اور اسٹار میپ کا استعمال کرنا سیکھتے ہیں۔ راجکوٹ کے بگ بینگ ایسٹرونومی کلب نے گر کے جنگلوں سے لے کر کچھ کے رن تک کئی پروگرام منعقد کیے ہیں۔
انہوں نے آئی سیک ادارے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ طلبہ کا ایک ملک گیر نیٹ ورک ہے جو ایسٹرونومی اور ایسٹرو فزکس کلبوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ ان کے لیے اپنی دلچسپی کے موضوعات کے لیے وقت نکالنا اور مسلسل کچھ نیا سیکھتے رہنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا، "میں نوجوانوں سے گزارش کروں گا کہ وہ کسی ایسٹرونومی کلب سے ضرور جڑیں، اور ان چھٹیوں میں کسی تارامنڈل (پلینیٹیریم) کو بھی ضرور دیکھنے جائیں۔"
