Masarrat
Masarrat Urdu

غزہ میں تباہی کے باوجود کھلے آسمان تلے نماز عید قربان کی ادائیگی

Thumb

غہز، 27 مئی (مسرت ڈاٹ کام) فلسطینی شہریوں نے غزہ کے کھلے میدانوں، مساجد کے ملبے اور تباہ شدہ علاقوں میں عید قربان کی نماز ادا کرکے ثابت کیا کہ جنگ اور محاصرے کے باوجود ان کا حوصلہ بلند ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینی شہریوں نے شدید تباہی، بے گھری اور انسانی بحران کے باوجود عید قربان کی نماز ادا کی۔

فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کے شہریوں نے آج صبح میدان السرایا میں کھلے آسمان تلے نماز عید ادا کی، جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں سیکڑوں فلسطینیوں نے مسجد الہدیٰ کے ملبے پر نماز عید ادا کی۔ یہ مسجد اسرائیلی حملوں کے دوران مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔

فلسطینی عوام نے تباہ شدہ عمارتوں، کھلے میدانوں اور ویران مساجد کے درمیان نماز عید ادا کرکے ثابت کیا کہ مسلسل جنگ اور مشکلات کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

یاد رہے کہ غاصب صیہونی فوج کی بہیمانہ کارروائیوں کی وجہ سے غزہ میں ہزاروں خاندان بے گھر ہوچکے ہیں، جبکہ بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود شہریوں نے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید کی عبادات ادا کیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 11 اکتوبر کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 906 فلسطینی شہید، 2 ہزار 747 زخمی جبکہ 781 لاشیں ملبے سے نکالی جاچکی ہیں۔

7 اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 72 ہزار 803 جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 855 تک پہنچ چکی ہے۔

Ads