Masarrat
Masarrat Urdu

ایران جنگ کے باعث بیٹے کی شادی میں شرکت مشکل ہو سکتی ہے: ٹرمپ

  • 22 May 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 22 مئی (مسرت ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت کی کوشش کریں گے، تاہم ایران جنگ اور دیگر اہم معاملات کے باعث موجودہ صورتحال ان کے لیے موزوں نہیں ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر رواں ہفتے کے اختتام پر بہاماس میں بیٹینا اینڈرسن سے دوسری شادی کریں گے۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے بیٹے کی خواہش ہے کہ وہ شادی کی تقریب میں شریک ہوں، لیکن اس وقت ایران جنگ اور دیگر بین الاقوامی معاملات ان کی اولین ترجیح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ تقریب میں شرکت کی کوشش کریں گے، تاہم یہ ایک مختصر نجی تقریب ہوگی اور موجودہ حالات ان کے لیے مناسب نہیں ہیں کیونکہ ایران کا معاملہ جاری ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ شادی میں شرکت کرتے ہیں تو میڈیا تنقید کرے گا اور اگر شرکت نہیں کرتے تب بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی صدر نے اپنے بیٹے اور بہو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں کی ازدواجی زندگی خوش گوار رہے گی۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹیو نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں اپنے والد کے ''میگا'' سیاسی ایجنڈے کا سرگرم حامی سمجھا جاتا ہے۔

وہ اکثر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ سیاسی اور عوامی تقریبات میں بھی دکھائی دیتے ہیں۔

گزشتہ برس ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے عندیہ دیا تھا کہ وہ مستقبل میں کسی وقت صدارتی انتخاب میں حصہ لے سکتے ہیں، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری اور آخری صدارتی مدت جنوری 2029 تک جاری رہے گی۔

 

 

Ads