Masarrat
Masarrat Urdu

ایران جنگ پر فوری اور دیرپا جنگ بندی ضروری ہے، چین

  • 15 May 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بیجنگ، 15 مئی (مسرت ڈاٹ کام) چینی وزارتِ خارجہ نے ایران جنگ کے معاملے پر زور دیا ہے کہ خطے میں جلد از جلد جامع اور دیرپا جنگ بندی ہونی چاہیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مسئلے کا فوری حل امریکہ، ایران اور خطے کے دیگر ممالک سب کے مفاد میں ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں کئی معاملات پر نئے اتفاقِ رائے طے پائے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے تحفظات کو مناسب انداز میں حل کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تفہیم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے شی جن پنگ کے ساتھ ایران کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی اور دونوں رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور آبنائے ہرمز کھلی رہنی چاہیے۔

امریکی صدر نے بیجنگ کے ژونگ نان ہائی کمپلیکس میں چینی صدر سے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک نے ایسے کئی مسائل حل کیے ہیں جنہیں شاید دوسرے لوگ حل نہیں کر سکتے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اور شی جن پنگ ایران کے معاملے کے اختتام کے طریقہ کار پر یکساں سوچ رکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین کے ساتھ ’’شاندار‘‘ تجارتی معاہدے طے پائے ہیں۔

 

Ads