Masarrat
Masarrat Urdu

راجیہ سبھا کے چیئرمین نے 'عآپ' سے الگ ہونے والے سات ارکان کے بی جے پی میں انضمام کو منظوری دے دی

Thumb

نئی دہلی، 27 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کے چیئرمین نے ایوان کے ان سات ارکان کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں انضمام کو منظوری دے دی ہے جو حال ہی میں عام آدمی پارٹی (عآپ) سے الگ ہوئے ہیں۔

راجیہ سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایوان میں مختلف جماعتوں کے ارکان کی فہرست میں، عام آدمی پارٹی سے الگ ہو کر بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کرنے والے ارکان کے نام اب بی جے پی کی فہرست میں آگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی کے ارکان کی تعداد 106 سے بڑھ کر 113 ہو گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی سے منتخب ہونے والے ارکان راگھو چڈھا، ڈاکٹر سندیپ کمار پاٹھک اور ڈاکٹر اشوک کمار متل نے گزشتہ 24 اپریل کو دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس کے دوران راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے سات ارکان کے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ان ارکان میں مذکورہ تین کے علاوہ جناب ہربھجن سنگھ، وکرم جیت سنگھ ساہنی، سواتی مالیوال اور راجندر گپتا شامل ہیں۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے آج جاری کردہ فہرست کے مطابق، ان ارکان کو 24 اپریل سے ہی بی جے پی کے ارکان کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔

اس فہرست میں اب عام آدمی پارٹی کے ارکان کی تعداد کم ہو کر صرف تین رہ گئی ہے۔ ایوان میں اب عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ کے علاوہ دو ارکان مسٹر نارائن داس گپتا اور مسٹر سنت بلبیر سنگھ کے نام شامل ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے مسٹر راگھو چڈھا کو ایوان میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا، جس کے بعد سے پارٹی میں مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

 

Ads