Masarrat
Masarrat Urdu

ایرانی وزیر خارجہ پاکستان، عمان اور روس کا دورہ کریں گے

  • 24 Apr 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 24 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی نیم سرکاری مہر خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ آج شام سے "اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دوروں کا آغاز کریں گے”۔

مہر نیوز نے کہا کہ اس دورے کا مقصد دو طرفہ مشاورت، خطے کی موجودہ پیش رفت اور ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی طرف سے مسلط کردہ جنگ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں مختصر وفد کی پاکستان آمد کی اطلاع کو اہم سفارتی پیشرفت قرار دے دیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے رابطے کے بعد نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا اور ان کو ایرانی ہم منصب سے ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے خطے کی سکیورٹی صورتحال اور کشیدگی میں اضافے کے خدشات پر بات چیت کی جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان دونوں فریقین کو جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کیلیے سرگرم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے امن و استحکام کیلیے اہم پالیسی اور سفارتی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے، اعتماد سازی اور مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کیلیے پُرعزم ہے۔ شہباز شریف نے اعلیٰ سطح سفارتی رابطوں میں تیزی لانے اور مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

 

Ads