پیرس، 24 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) فرانسیسی وزیر خارجہ کے مطابق ہنگری میں نئی حکومت آنے کے بعد ویٹو کی رکاوٹ ختم ہوگئی اور اسرائیل پر پابندی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے کہا ہے کہ یورپی یونین آئندہ چند دنوں میں اسرائیل کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر غور کرسکتی ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہنگری میں حکومت کی تبدیلی اور ایک معتدل حکومت کے آنے کے بعد یورپی یونین کے لیے اسرائیل کے خلاف اقدامات کرنا ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ تقریبا ایک سال سے ایسے افراد اور اداروں پر پابندیاں لگانے کی حمایت کر رہے ہیں جو فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث ہیں۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ان پابندیوں کی منظوری حاصل ہوسکتی ہے۔
ژاں نوئل بارو نے مزید کہا کہ اب تک ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان یورپی یونین کے اندر ایسے اقدامات کو ویٹو کرتے رہے ہیں، تاہم نئی حکومت آنے کے بعد یہ رکاوٹ ختم ہونے کا امکان ہے۔
