Masarrat
Masarrat Urdu

چنئی سپر کنگز نے ممبئی کو پچھاڑ کر پانچویں پوزیشن سنبھال لی

Thumb

چنئی، 23 اپریل (مسرت ڈاٹ کام)سنجو سیمسن کی ناقابلِ شکست (101 رنز) طوفانی سنچری اور 'امپیکٹ پلیئر' عقیل حسین کی تباہ کن بالنگ (4 وکٹیں) کی بدولت چنائی سپر کنگز ( سی ایس کے) نے جمعرات کو ممبئی انڈینز کو 103 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ اس بڑی جیت کے ساتھ ہی چنئی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔208 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی انڈینز کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی۔ عقیل حسین اور مکیش چوہدری نے ابتدائی تین وکٹیں لے کر ممبئی کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ کوئنٹن ڈی کاک (7)، دانش مالیوار اور نمن دھیر کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

چوتھی وکٹ کے لیے سوریہ کمار اورتلک ورما نے 73 رنز جوڑ کر امید جگائی، لیکن 12ویں اوور میں عقیل حسین نے تلک ورما (37 رنز) کو بولڈ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ 13ویں اوور میں نور احمد نے کپتان ہاردک پانڈیا (1) اور شرفین ردرفورڈ (0) کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کر کے ممبئی کی کمر توڑ دی۔ ممبئی کے 9 بلے باز دہائی کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے اور پوری ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

عقیل حسین نے 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اورنور احمد نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

مکیش چوہدری، انشل کمبوج، جیمی اوورٹن اور گرجپ نیت سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل، ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چنائی سپر کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا ہمالیہ جیسا اسکور کھڑا کیا۔ سنجو سیمسن نے محض 54 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ یہ ان کا آئی پی ایل کیریئر کا پانچواں اور رواں سیزن کا دوسرا سنچری اسکور ہے۔

کپتان رتوراج گائیکواڈ (22)، ڈیوالڈ بریوس (21) اور کارتک شرما (18) نے مختصر مگر اہم شراکتیں کیں۔غضنفر اور اشونی کمار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جسپریت بمراہ اور مچل سینٹنر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

 

Ads