Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ نے ایران کے خلاف 5 ممالک کی زمین اور فضائی حدود استعمال کیں، ایران کا سخت احتجاج

  • 23 Apr 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

اقوام متحدہ23 اپریل (مسرت ڈاٹ کام)  اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکہ کی جانب سے قطر، کویت، بحرین، امارات اور سعودی عرب کی حدود کے غلط استعمال پر سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف قطر، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی زمین اور فضائی حدود کے استعمال پر شدید احتجاج کیا ہے۔

ایروانی نے اس معاملے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کو الگ الگ خطوط ارسال کیے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کسی بھی ریاست پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو کسی دوسرے ملک کے ہاتھوں ایسے اقدامات کے لیے استعمال نہ ہونے دے جو جارحیت، مسلح حملے یا کسی تیسرے ملک کے خلاف کارروائی کے زمرے میں آتے ہوں۔

ایروانی نے اپنے خط میں واضح کیا کہ اگر کوئی ملک اپنی حدود کسی دوسرے ملک کو اس مقصد کے لیے فراہم کرتا ہے تو یہ عمل بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی شمار ہوتا ہے، اور اس کی ذمہ داری متعلقہ حکومت پر بھی عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس غیر قانونی اقدام کے خلاف اپنا سخت اور واضح احتجاج ریکارڈ کروا رہا ہے۔

ایرانی مندوب نے قطر، کویت، بحرین، امارات اور سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حسن ہمسائیگی کے اصولوں کا خیال رکھیں اور اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔

خط میں زور دیا گیا کہ ان ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے علاقے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے استعمال ہونے سے باز رکھیں، تاکہ خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں مزید اضافہ نہ ہو۔

Ads