واشنگٹن، 23 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ امریکی بحریہ کے اعلی ترین سول عہدیدار جان فیلان فوری طور پر حکومت چھوڑ رہے ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ امریکی بحریہ کے اعلی ترین سول عہدیدار اور وزیر بحریہ جان فیلان اپنے عہدے سے فوری طور پر الگ ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان شان پارنل نے جاری بیان میں کہا کہ جان فیلان فوراً حکومت سے رخصت ہو جائیں گے۔
پینٹاگون کے مطابق وزیر بحریہ کے قائم مقام ہانگ کاؤ کو عبوری طور پر بحریہ کی وزارت کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ اچانک تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صرف ایک روز قبل جان فیلان نے واشنگٹن میں بحریہ کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کیا تھا اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران اپنے آئندہ منصوبوں کا بھی ذکر کیا تھا۔
پینٹاگون نے اس اچانک علیحدگی یا برطرفی کی کوئی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی، جیسا کہ اس سے قبل بھی کئی امریکی فوجی حکام کی تبدیلیوں کے مواقع پر دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ واقعہ چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے جب امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسٹ نے امریکی فوج کے اعلی ترین افسر جنرل رینڈی جارج کو بھی عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ہیگسٹ نے وزارت دفاع کا منصب سنبھالنے کے بعد متعدد جنرلوں، ایڈمرلوں اور دیگر اعلیٰ فوجی قیادت کو بھی برطرف کیا ہے، جس سے پینٹاگون کے اندر اعلی سطح پر بے یقینی اور ہلچل کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جان فیلان کی برطرفی یا استعفی دراصل کئی ماہ سے وزیر دفاع پیٹ ہیگسٹ کے ساتھ جاری اختلافات اور کشیدگی کے بعد عمل میں آئی۔
