Masarrat
Masarrat Urdu

خلیجِ عمان میں امریکی کارروائی کے بعد کشیدگی میں اضافہ، ایران کی جوابی کارروائی کی دھمکی

  • 20 Apr 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 20 اپریل (مسرت ڈاٹ کام): خلیجِ عمان میں امریکہ کی جانب سے ایک ایرانی جہاز کو روکنے کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے، جس پر ایرانی مسلح افواج نے فوری جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق اس نے ایک ایسے تجارتی جہاز کو روکا جو مبینہ طور پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ امریکی افواج نے خلیجِ عمان میں ایرانی پرچم بردار ایک مال بردار جہاز کو روک لیا اور اس کے انجن روم کو نقصان پہنچایا۔

سینٹکام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 اپریل کو بحیرۂ عرب میں تعینات امریکی افواج نے ایک ایرانی جہاز کے خلاف ناکہ بندی کے اقدامات کیے، جو ایک ایرانی بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا۔

بیان کے مطابق اس جہاز کو بار بار خبردار کیا گیا، لیکن اس نے چھ گھنٹے تک کسی ہدایت پر عمل نہیں کیا۔

"جب ’توسکا‘ نامی جہاز کے عملے نے مسلسل وارننگز کے باوجود تعاون نہیں کیا تو امریکی جنگی جہاز ’اسپروئنس‘ نے اسے انجن روم خالی کرنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں اسپروئنس نے اپنے 5 انچ ایم کے 45 گن سے فائرنگ کر کے جہاز کے انجن کو ناکارہ بنا دیا۔"

اس کے بعد امریکی میرینز نے جہاز پر چڑھائی کر کے اسے اپنے کنٹرول میں لے لیا، اور اب یہ جہاز امریکی تحویل میں ہے۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی شروع ہونے کے بعد سے اب تک 25 تجارتی جہازوں کو یا تو واپس موڑ دیا گیا ہے یا انہیں ایرانی بندرگاہوں کی طرف لوٹنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

امریکی اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران کی خاتمی ال انبیا ملٹری کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ خلیج عمان میں امریکی فوج کی جانب سے ایرانی جہاز کے قبضے کا ایران فوری جواب دے گا ۔

 

Ads