Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئی اور تلخ شکست دینے کیلئے مکمل تیار: مجتبیٰ خامنہ ای

  • 18 Apr 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 18 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئی اور تلخ شکست دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر بیان میں ایرانی فوج کے قیام کے دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکی منصوبوں کے خلاف ہماری فورسز ڈٹ کر رہیں، ایران کو توڑنے والوں کی خواہش کو ناکام کردیا۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب اسلامی کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی مسلسل ناکہ بندی کی وجہ سے آبنائے ہرمز کا کنٹرول اب پچھلی حالت میں واپس آ گیا ہے۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز اب ایران کی مسلح افواج کے سخت کنٹرول میں ہے۔ بیان میں امریکہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کی آڑ میں سمندری قزاقی اور بحری چوری کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پاسداران انقلاب کمانڈر کے مطابق جب تک امریکہ جہازوں کی آمدورفت کو پوری آزادی کے ساتھ بحال نہیں کرتا اس وقت تک آبنائے ہرمز کی نگرانی سخت رہے گی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں سمندری راستوں کی حفاظت اور نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔ اس اعلان کو عالمی تجارتی گزرگاہوں پر ایرانی اثر و رسوخ کی بحالی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 

Ads