Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کا دعویٰ، خطے میں مزاحمتی قوتیں پہلے سے زیادہ مضبوط

  • 14 Apr 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 14 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے امریکہ اور اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی محاذ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی نے اپنے بیان میں کہا کہ مزاحمتی قوتیں پورے خطے میں فعال اور منظم ہیں اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے کیونکہ وہ یمن، باب المندب اور بحیرہ احمر جیسے علاقوں میں مطلوبہ کامیابیاں حاصل نہیں کر سکے۔

قاآنی کا کہنا تھا کہ اس بار بھی دشمن کو کسی قسم کی کامیابی حاصل نہیں ہوگی اور خطے میں موجود مزاحمتی قوتیں ان کے عزائم کو ناکام بنا دیں گی۔

دوسری جانب حالیہ پیش رفت میں امریکی فوج کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کے گرد ناکہ بندی شروع کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو روکا یا قبضے میں لیا جا سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس صورتحال سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور اس کے عالمی سطح پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

 

 

Ads