Masarrat
Masarrat Urdu

آسام - کیرالہ میں پولنگ کے درمیان پرینکا گاندھی کی اپیل، تبدیلی کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ دیں

Thumb

نئی دہلی، 9 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) آسام اور کیرالہ اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ جمعرات کو جاری ہے، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے دونوں ریاستوں کے لوگوں سے جذباتی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور بہتر مستقبل کے لیے ووٹ دیں۔

کیرالہ کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ریاست کے لوگ ایسی حکومت کے مستحق ہیں جو ان کی بات سنے، ان کے مسائل کو سمجھے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد محض اقتدار میں رہنا یا بدعنوانی کرنا نہیں ہونا چاہئے، بلکہ عوام کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اب تبدیلی کا وقت ہے اور یہ تبدیلی صرف یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ ہی لا سکتا ہے۔

آسام کے ووٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "میری پیاری بہنو اور بھائیو، آج جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں جوش و خروش سے حصہ لیں۔ اپنی ریاست، اپنی زمین، اپنی ثقافت اور اپنے روشن مستقبل کے لیے ووٹ دیں۔"

انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام ایسی حکومت کے مستحق ہیں جو مکمل طور پر ان کے لیے کام کرے اور انہیں مضبوط بنائے۔ محترمہ گاندھی نے آخر میں "جے آسام، جے کانگریس" کے نعرے کے ساتھ اپنی اپیل ختم کی۔

قابل ذکر ہے کہ آسام اور کیرالہ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔

 

Ads