معاہدہ ہونے تک امریکی بحری جہاز اور طیارے ایران کے گرد تعینات رہیں گے: ٹرمپ
- 09 Apr 2026
- مسرت ڈیسک
- دنیا
واشنگٹن، 9 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ حتمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد تک امریکی جنگی جہاز، طیارے اور فوجی دستے ایران کے ارد گرد تعینات رہیں گے۔ مسٹر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر کہا، "تمام امریکی بحری جہاز، ہوائی جہاز اور فوجی اہلکار، اضافی گولہ بارود، ہتھیار اور دیگر تمام چیزیں ایران اور اس کے ارد گرد اس وقت تک تعینات رہیں گے جب تک کہ حتمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو جاتا"۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو تنازعہ پہلے سے کہیں زیادہ "بڑی، بہتر اور زیادہ طاقتور" شکل اختیار کر سکتا ہے۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے اس بات پر قائم ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا اور آبنائے ہرمز کھلا اور محفوظ رہے گا۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ امریکی فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور مزید کارروائی کے لیے پوری طرح چوکس ہے۔