Masarrat
Masarrat Urdu

انڈیگو کے ناقص روسٹر مینجمنٹ کی وجہ سے 250 مسافر قاہرہ میں پھنسے

Thumb

نئی دہلی، 09 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) نجی فضائی کمپنی انڈیگو کے روستر مینجمنٹ کی ناکامی ایک بار پھر سامنے آئی ہے۔ لندن سے ممبئی آرہی پرواز کو پائلٹ ڈیوٹی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے سبب قاہرہ میں اتارنا پڑا۔

ذرائع نے بتایا کہ پرواز نمبر 6E 2 لندن سے ممبئی جا رہی تھی، لیکن پائلٹ کی ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ حد کی خلاف ورزی ہو رہی تھی، اس لیے پرواز کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اتارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پرواز قاہرہ سے منگل کی صبح ممبئی کے لیے روانہ ہوگی۔

پروازوں کو ٹریک کرنے والی ایجنسی فلائٹ ریڈار کے مطابق، یہ پرواز ہندوستانی وقت کے مطابق پیر کی صبح 3:05 بجے لندن سے روانہ ہوئی تھی اور دن 11:50 بجے قاہرہ میں اتری۔

ذرائع کے مطابق طیارے میں 250 سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ مسافروں کے قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔ رابطہ کرنے پر انڈیگو کے ایک ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ پائلٹ کے آرام کی مدت مکمل ہونے کے بعد پرواز منگل کی صبح قاہرہ سے روانہ ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمٹ (ایف ڈی ٹی ایل) کے قوانین کے مطابق ڈیوٹی روستر تیار کرنے میں انڈیگو انتظامیہ کی ناکامی کے سبب گزشتہ سال دسمبر میں بڑا بحران پیدا ہو گیا تھا اور دسمبر کے پہلے ہفتے میں ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔

 

Ads