Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیلی فوج کا تہران میں ایک بڑے فوجی کمپلیکس پر حملہ

  • 05 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 5 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے ایران کے اس بڑے فوجی کمپلیکس کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں تمام ایرانی سکیورٹی اداروں کے مرکزی دفاتر واقع ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائے ادرعی نے پلیٹ فارم ’’ ایکس ‘‘پر اپنی ایک پوسٹ میں واضح کیا کہ نشانہ بنائے گئے کمپلیکس میں پاسدارانِ انقلاب کا ہیڈ کوارٹر، انٹیلیجنس اتھارٹی کا ہیڈ کوارٹر، باسیج کا ہیڈ کوارٹر، قدس فورس کا ہیڈ کوارٹر، داخلی سلامتی کی خصوصی فورسز کا ہیڈ کوارٹر، سائبر آپریشنز کے دفاتر اور داخلی سلامتی سے وابستہ سپورٹ یونٹ اور مظاہرے روکنے والے یونٹ کا ہیڈ کوارٹر شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کمپلیکس میں ایرانی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے تمام شعبوں کے کمانڈ سینٹرز موجود ہیں اور وہاں حکومت کے فوجیوں کی سرگرمیاں دیکھی گئی تھیں۔

اویچائے ادرعی نے یہ بھی کہا کہ ان ہیڈ کوارٹرز پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہاں ایرانی حکومت کے فوجی موجود تھے۔ انہوں نے تہران میں ایک بڑے فوجی کمپلیکس پر بمباری کی دستاویزی ویڈیو بھی منسلک کی۔ اسی دوران چینل12نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے تہران میں ایک ٹارگٹ کلنگ آپریشن بھی کیا ہے

واضح رہے گزشتہ 28 فروری کی صبح اسرائیل نے ایران پر حملے کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن نے بعد میں بتایا کہ اس نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایک بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس کا مقصد ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔ دوسری جانب ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک، جہاں کئی امریکی اڈے موجود ہیں، کے علاوہ عراق اور اردن کی طرف میزائلوں اور ڈرونز کی بڑی تعداد چھوڑ کر جواب دیا۔

تہران نے یکم مارچ کو ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع اور مسلح افواج کے چیف آف سٹاف عبدالرحیم موسوی کے جاں بحق ہونے کا اعلان کیا تھا۔ پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور اور رہبرِ اعلیٰ کے مشیر علی شمخانی کے جاں بحق ہونے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ امریکی صدر نے بعد میں کہا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے پہلے دن تقریباً 40 اعلیٰ ایرانی رہنما مارے گئے۔

 

Ads