ایرانی رہبرِ اعلیٰ کے قریبی ساتھی اور سینئر عہدیدار محمد مخبر نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی مذاکرات کرنے جارہے ہیں۔ محمد مخبر کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکیوں پر ذرہ برابر بھی اعتماد نہیں ہے، اسی لیے ان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی وجہ باقی نہیں رہ جاتی۔
انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھتا ہے اور جب تک ضرورت پڑی یا دشمن نے چاہا، ہم اس جنگ کو جاری رکھنے کی مکمل طاقت رکھتے ہیں۔
ایران کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور تہران نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ میں آکر اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
دوسری جانب ایرانی گارڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی وارننگز کو نظر انداز کرنے والے 10سے زائد آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کیساتھ امریکی نیوی جائے گی، امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جہازوں کے انشورنس میں امریکی مالیاتی ادارہ مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز سمیت تمام تجارتی جہازوں کو انشورنس اور گارنٹیز فراہم کی جائیں گی، اقدام کا مقصد خلیج میں جاری کشیدگی کے دوران تجارتی سرگرمیوں کا تحفظ ہے۔
