تہران، 3 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی مسلسل تیسرے روز بم باری جاری ہے۔ اس کے تناظر میں اسرائیلی فوج نے پیر کے روز ایران میں کیے جانے والے حملوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ فضائیہ نے بھرپور یلغاروں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور پورے ایران میں میزائل لانچنگ پیڈز کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک حملوں کی زد میں 131 شہر آئے ہیں اور ملک میں 555 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے تیسرے دن پیر کو مغربی ایران میں کئی رہائشی عمارتیں میزائلوں کا نشانہ بنیں، جبکہ ایران خلیجی ممالک کے شہروں پر بم باری کے ذریعے جوابی کارروائی کر رہا ہے۔ ایران نے آج صبح قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین پر میزائلوں اور ڈرونز کی نئی لہر داغی ہے۔
"فارس" نیوز ایجنسی کے مطابق سنندج شہر کو دشمن کے میزائلوں نے نشانہ بنایا جس سے پولیس اسٹیشن کے قریب کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں اور کم از کم دو شہری ہلاک ہوئے۔ وسطی ایران کے صوبے یزد پر بھی امریکی و اسرائیلی حملے ہوئے ہیں۔ سرکاری میڈیا نے مغربی ایران پر حملوں میں تین ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔
صوبہ یزد کے نائب گورنر اسماعیل دہستانی نے "ارنا" نیوز ایجنسی کو بتایا کہ آج علی الصبح اردکان اور یزد شہروں کے ساتھ ساتھ مہریز اور یزد کے درمیانی علاقے میں چھ مقامات کو امریکی و اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ صوبہ مشرقی آذربائیجان میں کرائسز مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل مجید فرشی نے بتایا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران شمال مغربی ایران میں امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایرانی میڈیا نے صوبہ فارس پر ہونے والے حملوں میں 35 افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاع دی ہے
