Masarrat
Masarrat Urdu

امیت شاہ نے کرائیکل میں ایک عوامی ریلی میں راہل گاندھی کو نشانہ بنایا

Thumb

کرائیکل (پڈوچیری)، 14 فروری (مسرت ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کو کانگریس اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے روزانہ جھوٹ بولنے کی روایت شروع کی ہے اور ملک کے کسانوں اور ماہی گیروں کو گمراہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے پڈوچیری کے کرائیکل میں منعقدہ ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ الزامات لگائے۔

امیت شاہ نے 2019 کے پلوامہ حملے کی برسی پر شہید ہونے والے 40 سی آر پی ایف جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک ان کی بہادری کو کبھی نہیں بھولے گا۔

امیت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے یورپی یونین (یوروپی یونین) اور انگلینڈ کے ساتھ کیے گئے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) اور امریکہ کے ساتھ مجوزہ تجارتی معاہدے (ٹریڈ ڈیل) سے ہندوستان کے ماہی گیروں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ "میں اس پلیٹ فارم سے راہل گاندھی کو جواب دینا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم مودی نے ان معاہدوں میں کسانوں اور مویشی پروری کرنے والوں کو سو فیصد تحفظ دیا ہے اور اس سے کسی بھی کسان کو نقصان نہیں ہوگا۔‘‘

انہوں نے راہل گاندھی سے اپیل کی کہ وہ ان معاہدوں کی باریکیوں کو سمجھیں اور غلط فہمیاں پھیلانا بند کریں۔

امیت شاہ نے کہا کہ اس عوامی ریلی کے دو مقصد ہیں: پہلا، وزیراعظم مودی اور پڈوچیری کے وزیراعلیٰ این۔ رنگاسوامی کی قیادت والی ڈبل انجن حکومت کے کاموں کا رپورٹ کارڈ عوام کے سامنے رکھنا۔ دوسرا، یو پی اے اور انڈیا اتحاد کی پالیسیوں کو بے نقاب کرنا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے حکومت نے پڈوچیری میں بدعنوانی ختم کی، مرکز پر انحصار کم کر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کو زیادہ خودمختار بنایا اور سیاسی استحکام قائم کیا ہے۔

امیت شاہ نے کہا کہ 2021 اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو 44 فیصد ووٹ اور 30 میں سے 16 نشستیں ملی تھیں۔ آئندہ انتخابات میں بی جے پی، اے آئی این آر سی اور اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد 60 فیصد ووٹوں کے ساتھ 24 سے زیادہ نشستیں جیتنے کا ہدف لے کر چل رہا ہے۔

عوامی ریلی میں بڑی تعداد میں مقامی شہری، پارٹی عہدیدار اور کارکن موجود تھے۔

 

Ads