176 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری جنوبی افریقہ کے لیے ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کاک کی سلامی جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے۔ پانچویں اوور میں لوکی فرگوسن نے کوئنٹن ڈی کاک (14 گیندوں میں 20) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ ریان رکلٹن 11 گیندوں میں (21) اور ڈیوالڈ بریوس 17 گیندوں میں 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ نے 17.3 اوورز میں تین وکٹوں پر 178 رنز بنا کر مقابلہ سات وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ ایڈن مارکرم نے 44 گیندوں میں آٹھ چوکے اور چار چھکے اڑاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 86 رنز کی میچ جتوائی اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ ملر نے 17 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 24 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر نے 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن، جیمی نیشم اور راچن رویندر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے آج یہاں مارک چیپ مین (48)، ڈیرل مچل (32) اور فن ایلن (31) کی شاندار اننگز کی مدد سے نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف 175 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا تھا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کو 64 کے اسکور تک مارکو یانسن نے ابتدائی تین جھٹکے دیے۔ ٹم سیفرٹ (13)، راچن رویندر (13) اور فن ایلن (31) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ کے طور پر گلین فلپس (ایک) کو کیشو مہاراج نے بولڈ آؤٹ کیا۔ ایسے بحرانی وقت میں مارک چیپ مین اور ڈیرل مچل کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ 14 ویں اوور میں مارکو یانسن نے مارک چیپ مین کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ چیپ مین نے 26 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکے اڑاتے ہوئے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ اگلے ہی اوور میں لنگی اینگیڈی نے ڈیرل مچل کو اپنا شکار بنا لیا۔ ڈیرل مچل نے 24 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 32 رنز بنائے۔ کپتان مچل سینٹنر چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 175 رنز کا اسکور کھڑا کیا۔ جیمی نیشم نے 15 گیندوں میں 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ میٹ ہنری نو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کے لیے مارکو یانسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ لنگی اینگیڈی، کیشو مہاراج اور کاربن بوش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
