بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں عام انتخابات کا انعقاد جمعرات کے روز ہوگا، جس کے لیے ڈھاکہ سمیت تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں انتخابی مہم کا آخری روز مکمل ہو چکا ہے۔
حکومت نے انتخابی عمل کو پُرامن بنانے کے لیے رات 12 بجے سے تین روز کے لیے ملک بھر میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ سکیورٹی ادارے پولنگ اسٹیشنز اور حساس مقامات پر تعینات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق300 رکنی قومی پارلیمان کی نشستوں کے لیے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی، بنگلہ دیش جماعتِ اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعتی پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے ایک ہزار 981 امیدوار میدان میں ہیں۔ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 300 میں سے کم از کم 151 نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔
واضح رہے کہ ان انتخابات کا انعقاد شیخ حسینہ کے استعفیٰ اور ملک چھوڑنے کے بعد پہلی بار ہورہا ہے، ملک میں ابھی نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس عبوری حکومت کے سربراہ ہیں۔
