Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان نے امریکہ کو 29 رن سے شکست دے کر جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا

Thumb

ممبئی، 07 فروری (مسرت ڈاٹ کام) کپتان سوریا کمار یادو (84 ناٹ آؤٹ) کی شاندار نصف سنچری اور محمد سراج (تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کے روز ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے تیسرے مقابلے میں امریکہ کو 29 رن سے شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔ 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز ہی بنا سکی ۔۔

میچ کی آخری گیند پر محمد سراج نے شُبھم رنجنے کو تباہ کن یارکر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے مقابلے کا اختتام کیا۔ ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سراج نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکہ کی ٹیم کو ابتدائی اوورز میں ہی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث بیٹنگ لائن دباؤ میں آگئی۔ تیسرے اوور میں ہندوستان کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے شاندار فل لینتھ آؤٹ سوئنگر پر امریکی کپتان مونانک پٹیل کو مڈ آف پر کیچ آؤٹ کرا دیا، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس وکٹ کے بعد امریکی بیٹنگ مزید غیر یقینی کا شکار ہوگئی جبکہ ہندوستانی بولرز نے نئی گیند کے ساتھ نپی تلی لائن و لینتھ برقرار رکھی۔

چوتھے اوور میں محمد سراج نے بھی اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی جب سائی تیجا مکّامالا فلک شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مڈ وکٹ پر کیچ دے بیٹھے۔ وہ 7 گیندوں پر صرف 2 رنز اسکور بنا سکے۔ ابتدائی اوورز میں لگاتار وکٹیں گرنے سے امریکہ کی ٹیم مشکلات میں گھرتی چلی گئی جبکہ ہندوستانی فاسٹ بولنگ اٹیک نے جارحانہ اور مؤثر اسپیل کے ذریعے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔

چوتھے اوور میں محمد سراج نے بھی اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی جب سائی تیجا مکّامالا فلک شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مڈ وکٹ پر کیچ دے بیٹھے۔ وہ 7 گیندوں پر صرف 2 رنز اسکور بنا سکے۔ ابتدائی اوورز میں لگاتار وکٹیں گرنے سے امریکہ کی ٹیم مشکلات میں گھرتی چلی گئی جبکہ ہندوستانی فاسٹ بولنگ اٹیک نے جارحانہ اور مؤثر اسپیل کے ذریعے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔

انیسویں اوور سے قبل درمیانی اوورز میں امریکہ نے سنبھلنے کی کوشش کی اور گیارہویں اوور میں ملند کمار کے چوکے کی بدولت ٹیم نے 50 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ تاہم بارہویں اوور میں ورون چکرورتی کی گیند پر ایشان کشن نے ملند کمار کو 34 رنز پر اسٹمپ کر کے اہم شراکت کا خاتمہ کر دیا۔ چودھویں اوور میں اکشر پٹیل کی پہلی گیند پر سنجے کرشنامورتی نے مڈ وکٹ کے اوپر شاندار چھکا لگایا، لیکن اگلی ہی دو گیندوں پر اکشر پٹیل نے پہلے کرشنامورتی کو 37 رنز پر اور پھر ہرمت کو بغیر کوئی رن اسکور بنایا کیچ آؤٹ کرا کے امریکہ کی چھٹی وکٹ گرا دی۔

میچ کے آخری مراحل میں بھی ہندوستانی بولرز کا دباؤ برقرار رہا اور اٹھارویں اوور کی چوتھی گیند پر ارشدیپ سنگھ نے محمد محسن کو 8 رنز پر آؤٹ کرا دیا، جہاں تلک ورما نے ڈیپ مڈ وکٹ پر عمدہ کیچ لیا۔ اس طرح لگاتار وکٹیں گرنے کے باعث امریکہ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات سے دوچار رہی جبکہ ہندوستانی بولنگ اٹیک نے منظم اور جارحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

 

ہندوستان کی جانب سے سراج نے تین وکٹیں، ارشدیپ اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ورون نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

 

اس سے قبل امریکہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کے لیے اترنے والی ہندوستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد تلک ورما اور ایشان کشن نے اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان 37 رنز کی شراکت ہوئی۔ تاہم، چھٹے اوور میں شیڈلے وین شالکویک نے تین وکٹیں حاصل کر کے ہندوستان کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ ایشان کشن (20)، تلک ورما (25) اور شیوم دوبے (صفر) جلد آؤٹ ہوئے، جبکہ ہاردک پانڈیا بھی صرف 5 رنز بنا سکے۔

 

محض 77 رنز پر چھ وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں گھری ہندوستانی ٹیم کو اکشر پٹیل اور سوریا کمار یادو نے سہارا دیا۔ دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے۔ 17ویں اوور میں ہرمیت سنگھ نے اکشر پٹیل (14) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ارشدیپ سنگھ (4) اور ورون چکرورتی (صفر) پر آؤٹ ہوئے، لیکن اس دوران سوریا کمار یادو ایک سرا تھامے تیزی سے رن بناتے رہے۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز کا اسکور بنایا۔ سوریا کمار یادو نے 49 گیندوں پر 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔

امریکہ کی جانب سے شیڈلے وین شالکویک نے تباہ کن گیند بازی کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ہرمیت سنگھ کو دو وکٹیں ملیں، جبکہ علی خان اور محمد محسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

 

Ads