وزیر خارجہ نے کہا کہ تبدیلی کے دور سے گزر رہی عالمی نظام کا اثر مغربی ایشیا میں زیادہ واضح دکھائی دیتا ہے اور قربت کے پیش نظر ہندوستان بھی اس سے فطری طور پر متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے جامع منصوبہ آگے بڑھانا آج ایک مشترکہ ترجیح بن چکا ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے ہفتہ کو یہاں ہند–عرب وزرائے خارجہ کی دوسری میٹنگ میں اپنے خطاب میں کہا کہ ہر طرح کی دہشت گردی دونوں خطوں کے سامنے ایک مشترکہ خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردی خاص طور پر ناقابل قبول ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی تعلقات اور سفارت کاری کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ معاشروں کو اپنے دفاع کا حق ہے اور وہ فطری طور پر اس کا استعمال کریں گے۔
دہشت گردی سے مل کر نمٹنے اور اسے بالکل برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "یہ ضروری ہے کہ ہم اس عالمی لعنت سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط کریں۔ دہشت گردی کو بالکل برداشت نہ کرنا ایک اٹل اور عالمگیر معیار ہونا چاہیے۔"
عالمی ہلچل کے دور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب عالمی نظام مختلف وجوہات سے تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے اور اس میں سیاست، معیشت، ٹیکنالوجی اور آبادیاتی پہلو سب شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا میں یہ کہیں زیادہ واضح ہے جہاں گزشتہ ایک سال میں منظرنامے میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے۔ اس کا اثر فطری طور پر ہم سب پر پڑتا ہے، اور ہندوستان پر بھی، جو اس خطے کے قریب ہے۔ بڑی حد تک اس کے مضمرات ہندوستان اور عرب ممالک کے تعلقات کے لیے بھی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں مغربی ایشیا میں کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں جن کا اثر نہایت وسیع رہا ہے۔ ان میں سے کئی کی گونج خطے سے باہر تک سنائی دی ہے۔ خاص طور پر غزہ کی صورتحال بین الاقوامی برادری کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس اکتوبر میں شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے نتیجے میں نومبر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 منظور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے جامع منصوبہ آگے بڑھانا آج ایک مشترکہ ترجیح بن چکا ہے۔ مختلف ممالک نے اس امن منصوبے پر انفرادی یا اجتماعی طور پر پالیسی اعلانات کیے ہیں۔ یہی وہ وسیع تناظر ہے جس میں ہم خطے کے چیلنجوں اور امکانات پر غور و فکر کر رہے ہیں۔
