Masarrat
Masarrat Urdu

وزیراعظم مودی کی یومِ جمہوریہ کی مبارکباد، ’وکست بھارت‘ کے عزم کا کیا اعادہ

Thumb

نئی دہلی، 26 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) وزیرِاعظم نریندر مودی نے پیر کے روز 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ملک کو مبارکباد پیش کی اور اس دن کو ہندلستان کی آزادی، آئین اور جمہوری اقدار کی طاقتور علامت قرار دیتے ہوئے شہریوں سے ’وکست بھارت‘ کی تعمیر کے لیے اجتماعی عزم کی اپیل کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِاعظم نے کہاکہ “یومِ جمہوریہ کی دلی مبارکباد۔ یہ موقع ’وکست بھارت‘ کی تعمیر کے ہمارے اجتماعی عزم میں نئی توانائی اور جوش و خروش بھر دے۔”

آج کے دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے یومِ جمہوریہ کو ملک کی یکجہتی اور تعمیرِ وطن کے جذبے کا محرک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ “یوم جمہوریہ ہماری آزادی، آئین اور جمہوری اقدار کی مضبوط علامت ہے۔ یہ قومی تہوار ہمیں متحد ہو کر قومی تعمیر کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی نئی توانائی اور تحریک دیتا ہے۔”

وزیرِاعظم نے آزادی اور اتحاد کی اہمیت پر زور دینے کے لیے ایک سنسکرت شلوک کا حوالہ بھی دیا:

“پراتنترتا-ابھی بھوتسیہ دیشسیابھیودیہ کُتہ۔

اتہ سوتنترَم آپتویَم، ایکیَم سوتنترتا سادھنم۔”

تمام شہریوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ“تمام اہلِ وطن کو یومِ جمہوریہ کی بہت بہت مبارکباد۔ ہندوستان کی آن، بان اور شان کی علامت یہ قومی تہوار آپ سب کی زندگی میں نئی توانائی اور نیا جوش پیدا کرے۔ ’وکست بھارت‘ کا عزم مزید مضبوط ہو، یہی خواہش ہے۔”

یومِ جمہوریہ 26 جنوری 1950 کو آئینِ ہند کے نفاذ کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے ساتھ ہی ہندوستان باقاعدہ طور پر ایک جمہوریہ ملک بنا۔ اس موقع پر نئی دہلی میں شاندار پریڈ اور ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جن میں ہندوستان کے جمہوری سفر، ثقافتی تنوع اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی حیثیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

 

Ads