Masarrat
Masarrat Urdu

مرمو نے قومی اہداف کے حصول کے لیے عوامی شراکت پر زور دیا

Thumb

نئی دہلی، 25 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ’وکست بھارت‘ سمیت تمام قومی اہداف کے حصول میں عوام کی فعال شمولیت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہندوستانی سماج میں بے پناہ طاقت ہے اور اسی کے تعاون سے ملک میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔

صدر مرمو نے 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت ہے اور ہم جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملک اپنی اقتصادی ڈھانچے کو اعلیٰ سطح پر دوبارہ تشکیل دے رہا ہے۔ صدر نے کہاکہ "اقتصادی تقدیر کی تعمیر کے سفر میں خود انحصاری اور دیسی ہمارا بنیادی منتر ہے۔"

اپنے خطاب میں انہوں نے ہندوستانی آئین کی اہمیت، جمہوری نظام میں ووٹروں کے کردار، ملک کی تہذیب، ثقافت اور روحانی روایات کی طاقت کا ذکر کیا۔ انہوں نے فوج، پولیس، کسانوں، اساتذہ، ڈاکٹروں، نرسوں، نوجوانوں، صفائی کارکنوں، سائنسدانوں، انجینئروں، صنعتکاروں، سماجی کارکنوں اور سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر مرمو نے خواتین، قبائلیوں، غریبوں اور محروم طبقات کے لیے حکومت کے پروگراموں اور کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے مختلف مواقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل، مہاکوی سبرامنیا بھارتی، نیتاجی سبھاش چندر بوس، مہاتما گاندھی، بیرسا منڈا، بنکم چندر چٹرجی، سری نارائن گرو، رابندر ناتھ ٹیگور، بابا صاحب امبیڈکر اور مہارشی اروِندو کو یاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ اہم قومی مہمات کو عوامی تحریک کا روپ دیا گیا ہے اور دیہات و شہروں میں مقامی اداروں کو ترقی پسند تبدیلی کا ذریعہ بنایا گیا ہے۔ صدر نے کہاکہ "ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر سبھی شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سماج میں بے پناہ طاقت ہوتی ہے۔ حکومت کی کوششوں کو عوامی حمایت ملنے سے انقلابی تبدیلیاں آتی ہیں۔"

انہوں نے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کے لیے ایک مؤثر مثال بن گیا ہے۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ اسی طرح دیگر قومی اہداف کے حصول میں بھی عوام فعال کردار ادا کریں گے۔

صدر مرمو نے کسانوں کو ہندوستانی سماج اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ ان کی نسلوں کی محنت نے ملک کو غذائی اجناس میں خود کفیل بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے خواتین کی بڑھتی ہوئی سیاسی شمولیت، ناری شکتی وندنا ایکٹ، غربت کے خاتمے کے اقدامات، نوجوانوں کی توانائی، ہندوستانی علم و روایت کے تحفظ، آئین کو تمام ہندوستانی زبانوں میں دستیاب کرنے، کاروبار میں آسانی، دہشت گردی کے خلاف آپریشن سندور، تینوں افواج کی طاقت اور ماحولیات کے تحفظ پر زور دیا۔

صدر نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیبی روایت میں فطرت کے ساتھ ہم آہنگ زندگی کا تصور ہمیشہ سے رہا ہے اور یہی طرزِ زندگی دنیا کے لیے ہمارے پیغام "ماحولیات کے لیے طرزِ زندگی" کی بنیاد ہے۔

 

Ads