تہران، 2 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) سپاہِ پاسداران انقلابِ اسلامی کے جانشین کمانڈر انچیف احمد وحیدی نے کہا ہے کہ دشمنوں کی جانب سے دی جانے والی حالیہ دھمکیاں ان کے خوف اور ناتوانی کا ثبوت ہیں، جو کہ مقاومتی محاذ کے بڑھتے ہوئے اقتدار کے سامنے ان کی بے بسی کو ظاہر کرتی ہیں۔
مہر خبر رساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، سپاہِ پاسداران انقلاب اسلامی کے جانشین کمانڈر انچیف جنرل احمد وحیدی نے جمعرات کے دن تہران کے مصلائے امام خمینی (رہ) میں منعقدہ شہید حاج قاسم سلیمانی کی شہادت کی چھٹی برسی کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقاومتی محاذ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ترقی، پیشرفت اور وسعت کے راستے پر گامزن ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران اپنی پوری توانائی کے ساتھ اس تحریک کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید حاج قاسم سلیمانی کا راستہ اور مکتب کبھی ترک نہیں کیا جائے گا اور ہم پوری قوت کے ساتھ اس عظیم شہید کے راستے اور اہداف کو جاری رکھنے والے ہیں۔
سپاہِ پاسداران کے جانشین کمانڈر انچیف نے دشمنوں کی حالیہ دھمکیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس طرح کے بیانات بزدلانہ باتیں ہیں جو دشمنوں کے خوف اور ناتوانی کی وجہ سے کہی جا رہی ہیں اور یہ مقاومت کے محاذ کے اقتدار کے سامنے ان کی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
