Masarrat
Masarrat Urdu

بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز بھی جیت لی

Thumb

چٹاگانگ (بنگلہ دیش)، 02 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام )تیز گیندبازوں مستفیض الرحمٰن اور رشاد حسین کی شاندار بولنگ (تین، تین وکٹ) کے بعد تنزید حسن (ناٹ آؤٹ 55) اور پرویز حسین ایمن (ناٹ آؤٹ 33) کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے منگل کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ کو 38 گیندیں قبل ہی آٹھ وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔تنزید حسن کو پلیئر آف دی میچ اور مہدی حسن کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔118 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے 13.4 اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنا کر آسان فتح حاصل کر لی۔اوپنرز تنزید حسن اور سیف حسن نے 38 رنز کی شراکت نبھائی۔ چوتھے اوور میں کریگ ینگ نے سیف حسن کو 19 رنز پر آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی۔کپتان لٹن داس بھی صرف سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بعد ازاں پرویز حسین ایمن نے تنزید حسن کے ساتھ مل کر 73 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو جیت سے ہم کنار کیا۔تنزید نے 36 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 55 جبکہ ایمن نے 26 گیندوں پر تین چھکوں کے ساتھ ناٹ آؤٹ 33 رنز بنائے۔آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ اور ہیری ٹیکٹر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بنگلہ دیشی بولنگ کے سامنے پوری ٹیم 19.5 اوور میں صرف 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کپتان پال اسٹرلنگ 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ جارج ڈاکریل (19)، ٹِم ٹیکٹر (17) اور گیریتھ ڈیلنی (10) ہی دوہرا ہندسہ عبور کر سکے۔آئرلینڈ کے سات کھلاڑی دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکے۔

بنگلہ دیش کے لیے مستفیض الرحمٰن اور رشاد حسین نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ شریف الاسلام نے دو جبکہ محمد سیف الدین اور مہدی حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

Ads