تہران، 25 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) ایڈمرل سیاری نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج بہترین جوانوں پر مشتمل ہیں، جو جسمانی تربیت، دینی اقدار اور قومی شناخت کے ساتھ ہر زمینی، فضائی اور بحری خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی فوج کے چیف کوآرڈینیٹر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج بہترین نوجوانوں پر مشتمل ہیں اور زمین، فضا اور سمندر میں ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ بات انہوں نے عالمی فوجی تیراندازی چیمپئن شپ کے چوتھے مرحلے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یہ مقابلے ایرانی فضائیہ کی میزبانی میں تیراندازی کے قومی مرکز میں منعقد ہوئے۔
ایڈمرل سیاری نے کہا کہ کھیل، خاص طور پر جسمانی سرگرمیاں فوجی جوانوں کی صحت اور صلاحیت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن پیدا کرتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت فوجی اداروں میں ہفتے میں چار دن ورزش کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ جوانوں کو جسمانی طور پر مضبوط اور ماہر بنایا جاسکے۔
انہوں نے تیراندازی کے کھیل کو ایرانی ثقافت اور دینی اقدار کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ یہ نہ صرف ایک قدیم کھیل ہے بلکہ ہمارے قومی ہیرو آرش کی یاد بھی تازہ کرتا ہے، جو بہادری اور غیرت کی علامت ہیں۔
ایڈمرل سیاری نے واضح کیا کہ ایران ان مقابلوں میں صرف جیتنے کے لیے شریک نہیں ہوا، بلکہ اس کا مقصد دنیا کے سامنے ایرانی ثقافت، قومی شناخت، اسلامی اقدار اور بہادری کا مظاہرہ کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے ممالک جانیں کہ ہمارا وطن ایک قدیم اور باوقار سرزمین ہے۔
