وزیراعظم مودی ٹرمپ کے بیان کی تردید کریں: پرمود تیواری
نئی دہلی، 17 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیواری نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر کہ وزیراعظم نریندر مودی نے روس سے تیل نہ خریدنے کا یقین دلایا ہے، حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ مسٹر تیواری نے جمعہ کے روز کہا کہ "یہ معاملہ صرف دو افراد کی دوستی یا کیریئر کا نہیں ہے بلکہ ہندوستان کے مفاد کا ہے۔" اگر وزیراعظم مودی نے واقعی ویسا ہی کہا ہے جیسا کہ مسٹر ٹرمپ بتا رہے ہیں تو وزیراعظم کو خود سامنے آکر اس کی تردید یا وضاحت دینی چاہیے۔ ہندوستان کا مفاد سب سے اوپر ہے، نہ کہ کسی فرد یا غیر ملکی رہنما کی ذاتی دوستی، ملک کی پالیسی کسی دوستی یا ذاتی تعلقات کی بنیاد پر طے نہیں کی جا سکتی۔ مسٹر تیواری نے کہا کہ مسٹر ٹرمپ کے دعوے پر ابھی تک وزیراعظم نے کچھ نہیں کہا ہے اور وزیر خارجہ بھی خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ترجمان صرف اندازے لگا رہے ہیں کہ شاید ایسی کوئی بات نہیں ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سوال بالکل واضح ہے کہ کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی ذاتی تعلقات پر مبنی ہوگی، یا قومی مفادات پر؟ ہندوستان کا مفاد، ہندوستان کی عزت اور ہندوستان کی پالیسی ہی سب سے اعلیٰ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر نے بدھ کے روز کہا تھا کہ وزیراعظم مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ہندوستان روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا۔