محترمہ گپتا نے کہا، ’’دہلی حکومت کی خصوصی درخواست پر راجدھانی میں گرین پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دینے کے لیے ہم سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں۔ یہ فیصلہ دیوالی جیسے مقدس تہوار کے جذبے اور عوامی جوش و خروش کا احترام کرتا ہے، ساتھ ہی ماحولیاتی تحفظ کے توازن پر مبنی نقطہ نظر کو بھی ظاہر کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’دہلی حکومت عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے صاف اور سرسبز دہلی کے عزم پر پوری طرح کاربند ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ تہواروں کی رونق برقرار رہے اور ماحولیات کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے اپیل کی کہ اس دیوالی، ہم سب مل کر گرین پٹاخوں کے ذریعے جشن اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کریں اور ’ہری بھری اور خوشحال دہلی‘ کے عزم کو حقیقت میں بدلیں۔
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے آج دہلی-این سی آر میں گرین پٹاخوں پر عائد پابندی کے معاملے پر فیصلہ سناتے ہوئے ایسے پٹاخے جلانے کی اجازت دے دی ہے۔