مسٹر مودی نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر کہا، ’’یہ کثیرجہتی سرمایہ کاری، جس میں گیگاواٹ سطح کے ڈیٹا سینٹر انفراسٹرکچر شامل ہیں، ہمارے وکست بھارت کے قیام کے وژن کے مطابق ہے۔ یہ ٹیکنالوجی کو سب کے لیے قابل رسائی بنانے میں ایک بڑی طاقت ہوگی۔ یہ سب کے لیے اے آئی کو یقینی بنائے گا، ہمارے شہریوں کو جدید ترین آلات فراہم کرے گا، ہماری ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دے گا اور ہندوستان کو عالمی ٹیکنالوجی لیڈر کے طور پر مستحکم کرے گا۔‘‘
مسٹر مودی نے گوگل کے سی ای او سندر پیچائی کی ایکس پر پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے یہ پیغام دیا۔مسٹر پیچائی نے مسٹر مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ہندوستان کے وزیر اعظم سے بات کر کے بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے اس ہب کی ترقی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہب گیگاواٹ سطح کی کمپیوٹنگ صلاحیت، ایک نیا بین الاقوامی گیٹ وے اور بڑے پیمانے پر توانائی انفراسٹرکچر کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ہم اپنی صنعت میں قیادت کرنے والی ٹیکنالوجی کوہندوستان میں کاروباری اداروں اور صارفین تک پہنچائیں گے، اے آئی میں اختراع کو تیز کریں گے اور ملک بھر میں ترقی کی رفتار بڑھائیں گے۔