Masarrat
Masarrat Urdu

غزہ معاہدہ پر عملدرآمد، 20 اسرائیلی قیدی پیر کو رہا ہوں گے، حماس

  • 13 Oct 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

غزہ، 12 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مطابق، 20 صہیونی قیدی پیر کی صبح رہا کیے جائیں گے، جبکہ قیدیوں کے تبادلے کا عمل مصر اور ریڈ کراس کی نگرانی میں خفیہ طور پر انجام پائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی تحریک حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ صہیونی قیدیوں کی رہائی کا عمل پیر کی صبح عمل میں لایا جائے گا۔

عربی ذرائع ابلاغ کے مطابق، یہ تبادلہ مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شروع ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کسی عوامی یا میڈیا تقریب کے بغیر خفیہ طور پر کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، مصری وفد اور بین الاقوامی ریڈ کراس کے نمائندے جیلوں کا دورہ کر کے ان فلسطینی قیدیوں کی شناخت کی تصدیق کریں گے جنہیں رہا کیا جانا ہے۔

معاہدے کے مطابق، 250 ایسے فلسطینی قیدی جنہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور 1700 دیگر قیدی جو "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کے بعد گرفتار ہوئے تھے، رہا کیے جائیں گے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی حکام نے فی الحال صرف 195 فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

Ads