نئی دہلی 26 اگست (مسرت ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے مودی حکومت پر تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی پارٹی کے پیچھے پڑگئی ہے۔
مسٹر کیجریوال نے کہاکہ "اے اے پی لیڈر سوربھ بھاردواج کے گھر پر ای ڈی کا چھاپہ مودی حکومت کی طرف سے ایجنسیوں کے غلط استعمال کا ایک اور معاملہ ہے۔ مودی حکومت عام آدمی پارٹی کے پیچھے پڑگئی ہے۔ جس طرح عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاریخ میں کسی پارٹی کو نشانہ نہیں بنایا گیا"۔
انہوں نے کہاکہ "اے اے پی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ عام آدمی پارٹی مودی حکومت کی غلط پالیسیوں اور بدعنوان طریقوں کے خلاف سب سے زیادہ آواز اٹھاری ہے۔ مودی حکومت ہماری آواز کو دبانا چاہتی ہے۔ ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ عام آدمی پارٹی بی جے پی کے ان چھاپوں سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ ہم ہمیشہ کی طرح ملک کے مفاد میں غلط پالیسیوں اور بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔"
اے اے پی لیڈر آتشی نے کہاکہ "آج سوربھ جی کے گھر پر چھاپہ کیوں مارا گیا؟ کیونکہ ملک بھر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈگری پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں - کیا مسٹر مودی کی ڈگری جعلی ہے؟ چھاپہ اس بحث سے توجہ ہٹانے کے لیے مارا گیا ہے۔ جس وقت یہ کیس رپورٹ ہو رہا ہے، سوربھ بھاردواج ایک وزیر بھی نہیں تھے، اس کا مطلب ہے کہ سارا کیس جھوٹا ہے۔" انہوں نے کہا کہ ستیندر جین کو بھی تین سال تک جیل میں رکھا گیا اور آخر کار سی بی آئی اور ای ڈی کو کلوزر رپورٹ دینا پڑی۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اے اے پی لیڈروں کے خلاف درج تمام مقدمات محض جھوٹ اور سیاسی طور پر محرک ہیں۔"