Masarrat
Masarrat Urdu

غیر مسلح نہیں ہوں گے، مقاومت نے 17 سال تک اسرائیل پر دفاعی برتری قائم رکھی، شیخ نعیم قاسم

  • 26 Aug 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بیروت، 26 اگست (مسرت ڈاٹ کام) حزب اللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ مقاومت لبنان کی حفاظتی ڈھال ہے، ہم کسی بھی صورت میں ہتھیار نہیں پھینکیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے علامہ سید عباس علی الموسوی کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقاومت نے 17 سال تک اسرائیل کے خلاف دفاعی برتری قائم رکھی جوکہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید عباس الموسوی شرعی بورڈ کے رکن اور علمائے مسلمین کی انجمن کے رکن اور لبنان اور خطے میں وحدت کے علمبردار اور مقاومت کے بڑے حامی تھے۔

شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ امام موسی صدر نے لبنان میں بنیادی تبدیلی پیدا کی اور وہ امام المقاومین ہیں۔ امام موسی صدر نے قومی وحدت کو ہمیشہ اہمیت دی اور کہا کہ جنوبی لبنان صرف لبنان ہی نہیں بلکہ تمام عربوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہم امام موسی صدر سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ مقاومت کے پرچم تلے کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے فجر الجرود جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ لبنان کی فوج اور اسلامی مقاومت نے مشترکہ طور پر لڑی اور بڑی کامیابی حاصل کی۔ یہ جنگ صدر میشل عون کے فیصلے کے تحت امریکی دباؤ کے باوجود لڑی گئی۔

یمن پر حملوں کے حوالے سے شیخ قاسم نے کہا کہ اسرائیل نے یمن کو بمباری کا نشانہ بنایا اور حسب معمول عام شہریوں کو ٹارگٹ کیا۔ یمن نے غزہ کے عوام کی غیر معمولی حمایت فراہم کی۔

شیخ قاسم نے زور دیا کہ لبنان کو اپنی مکمل حاکمیت واپس حاصل کرنی ہوگی، کیونکہ ہماری بیشتر مشکلات کی جڑ امریکپ، صہیونی حکومت، اس کا قبضہ ہے۔ حکومت کو سفارتکاری، فوج کو مسلح کرنے، دفاعی حکمت عملی اور دیگر تمام ذرائع کے ذریعے حاکمیت کے قیام کے لیے سنجیدہ منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقاومت ذلت اور بیرونی دباؤ کے خلاف کھڑی ہے۔ یہ فوج کا متبادل نہیں بلکہ اس کی پشت پناہی کرتی ہے۔ فوج کو مسلح ہونا چاہیے اور مقاومت اس میں معاون ہے۔ مقاومت دشمن کو شکست دیتی ہے اور اس کے منصوبوں کو ناکام بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقاومت نے 17 سال تک اسرائیل کے خلاف دفاعی برتری قائم رکھی۔ یہ ایک استثنائی کامیابی ہے۔ اگر مقاومت نہ ہو اور اسرائیل کے سامنے ہتھیار ڈال دیے جائیں تو متبادل کیا ہے؟ مقاومت ہی وہ مضبوط ڈھال ہے جو اسرائیل کو اپنے مقاصد پورے کرنے سے روکتی ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ امریکہ لبنان میں فتنہ انگیزی کرتا ہے، تعمیر نو میں رکاوٹ ڈالتا ہے اور ہتھیاروں پر پابندی لگاتا ہے۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہم اپنے دفاعی ہتھیاروں سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ یہ ہتھیار ہماری روح، شرف اور عزت ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ لبنان کے نصف سے زیادہ عوام مقاومت کے حامی ہیں اور سب ہتھیاروں کے تحفظ اور لبنان کی عزت کے دفاع میں متحد ہیں۔ جو لوگ ہمیں غیر مسلح کرنا چاہتے ہیں، وہ ہماری روح چھیننا چاہتے ہیں، اور پھر دنیا ہمارا ردعمل دیکھے گی۔

 انہوں نے لبنانی حکومت سے مخاطب ہو کر کہا کہ شجاع بنو، استقامت دکھاؤ۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی مدد کریں گے تاکہ مل کر اپنے ملک کی تعمیر کریں۔

Ads