Masarrat
Masarrat Urdu

ڈھابہ مالکان کانوڑ یاترا کے دوران لائسنس اور رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ظاہر کریں: سپریم کورٹ

Thumb

نئی دہلی، 22 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے کانوڑ یاترا کے راستے میں پڑنے والے ہوٹلوں پر ’کیو آر کوڈ‘ ظاہر کرنے سے متعلق تنازعہ پر منگل کو ریاستی حکومتوں کو کوئی ہدایت جاری نہیں کی، لیکن دکانداروں سے لائسنس اور رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ظاہر کرنے کو کہا۔

جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس این کے سنگھ کی بنچ نے کہا کہ صارفین کو یہ جاننے کا حق ہے کہ آیا متعلقہ ڈھابہ میں پہلے نان ویجیٹیرین کھانا پیش کیاجاتا تھا۔ اگر کوئی صرف کانوڑ یاترا کے دوران ویجیٹیرین کھانا پیش کرتا ہے، تو صارفین کو اس سے آگاہ ہونا چاہیے۔
بنچ نے کہا، ’’ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ آج یاترا کا آخری دن ہے۔ اس موقع پر، ہم تمام متعلقہ ہوٹل مالکان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ قانونی طور پر ضروری لائسنس اور رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ظاہر کرنے کے حکم کی تعمیل کریں۔ ہم کسی دوسرے متنازع مسائل پر بحث نہیں کر رہے ہیں‘‘۔
بنچ نے کانوڑ یاترا کے راستے پر پڑنے والے ہوٹلوں پر ’کیو آر کوڈ‘ ظاہر کیے جانے سے متعلق اتر پردیش اور اتراکھنڈ حکومتوں کی ہدایات کو چیلنج کرنے والی درخواست پر کوئی حکم دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ منگل (22 جولائی) کو یاترا کا آخری دن ہے۔
پروفیسر اپوروانند جھا کی طرف سے دائر اس درخواست میں یہ دلیل دی گئی تھی کہ یہ ہدایات سپریم کورٹ کے 2024 کے حکم کے خلاف ہیں۔ عدالت نے اپنے اس حکم نامے میں کہا تھا کہ کانوڑ یاترا کے راستے میں دکانداروں کو اپنی شناخت ظاہر کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ ایسی ہدایات آئین کی دفعات 14، 15، 17، 19 اور 21 کی خلاف ورزی ہیں۔

Ads