تہران، 20 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) امریکی دفاعی کمپنی نے ایرانی شاہد ڈرون کی نقل کرتے ہوئے کم لاگت کا ڈرون طیارہ LUCAS بنالیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ دفاع نے ایرانی شاہد-136 خودکش ڈرون کی طرز پر اپنا مقامی ماڈل تیار کرلیا ہے، جسے LUCAS کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ نام "Low-Cost Uncrewed Combat Attack System" کا مخفف ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر دفاع کی موجودگی میں پینٹاگون میں اس جدید ڈرون کی رونمائی ہوئی۔ یہ ڈرون ایری زونا کی نجی دفاعی کمپنی SpektreWorks نے تیار کیا ہے، جو بحرالکاہل اور دیگر خطوں میں بکھری ہوئی فوجی کارروائیوں میں مدد دینے والے سستے اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق LUCAS ایک قابل اعتماد اور کم قیمت والا گروپ 3 ڈرون سسٹم ہے، جو سخت موسمی حالات میں بھی کم از کم لاجسٹک وسائل کے ساتھ مؤثر کارکردگی دکھاسکتا ہے۔ اس کا ڈیزائن مختلف قسم کے مشن جیسے جاسوسی، حملے اور مواصلاتی امداد میں استعمال کے قابل بناتا ہے۔
یہ ڈرون ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کم لاگت اور مؤثر ڈرون ٹیکنالوجی میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
امریکی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ ایرانی شاہد سیریز کے ڈرونز نے عالمی دفاعی سوچ کو تبدیل کر دیا ہے اور LUCAS اسی رجحان کی ایک واضح علامت ہے۔
SpektreWorks نے تصدیق کی ہے کہ LUCAS کے تمام ابتدائی تجربات کامیابی سے مکمل ہوچکے ہیں اور جلد امریکی و اتحادی افواج کے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔