Masarrat
Masarrat Urdu

نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو آٹھ وکٹ سے شکست دی

Thumb

ہرارے، 18 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) میٹ ہینری (تین وکٹ) کے بعد ڈیون کانوے (ناٹ آوٹ  59) کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کے روز ٹی-20  سہ رخی سیریز کے تیسرے مقابلے میں 37 گیندیں باقی رہتے ہوئے زمبابوے کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔

121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز خراب رہا اور اس نے دوسرے ہی اوور میں ٹم سیفرٹ (پانچ) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے راچن رویندرا نے محاذ سنبھالا۔ انہوں نے ڈیون کانوے کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت کی۔ نویں اوور میں ٹی مپوسا نے راچن رویندرا کو آؤٹ کر کے زمبابوے کو دوسری کامیابی دلائی۔ راچن نے 19 گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ اس کے بعد ڈیرل مچل نے 19 گیندوں پر ناٹ آوٹ  26 اور ڈیون کانوے نے 40 گیندوں پر ناٹ آوٹ  59 رنز بنا کر مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دیا۔ نیوزی لینڈ نے 13.5 اوور میں دو وکٹ پر 122 رنز بنا کر مقابلہ آٹھ وکٹ سے اپنے نام کر لیا۔
زمبابوے کی جانب سے ٹی مپوسا اور بلیسنگ مزربانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے میدان میں اترنے والی زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 120 رنز بنائے۔ زمبابوے کے لیے ویسلے مدھیویرے اور برائن بینیٹ کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 37 رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں میٹ ہینری نے برائن بینیٹ (21) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے کلائیو مداندے نے ویسلے کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔
دسویں اوور میں راچن نے انہیں آٹھ رنز پر اسٹمپ آؤٹ کروا کر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی شاندار گیندبازی کے آگے زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز کھل کر نہیں کھیل سکا۔ ویسلے مدھیویرے نے زمبابوے کے لیے 32 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ سکندر رضا اور ریان برل نے 12، 12 رنز کا تعاون دیا ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 26 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم ملنے، مچل سینٹنر، مائیکل بریسویل اور راچن رویندرا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Ads