Masarrat
Masarrat Urdu

نیرج نے نیرج چوپڑا کلاسک کو کامیاب بنانے میں کرناٹک حکومت کے تعاون کی ستائش کی

Thumb

بنگلورو، 03 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) دو بار کے اولمپک چیمپیئن نیرج چوپڑا نے "نیرج چوپڑا کلاسک" کے حوالے سے مسلسل تعاون پر کرناٹک حکومت، کرناٹک اولمپک ایسوسی ایشن، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے کھیل محکمے کی تعریف کی ہے۔

یہ مقابلہ ہفتہ، 5 جولائی 2025 کو بنگلورو کے شری کانتی ریوا اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جس کا انعقاد نیرج خود جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں۔ اس مقابلے کو ورلڈ ایتھلیٹکس اور انڈین ایتھلیٹکس فیڈریشن (اے ایف آئی) کی منظوری حاصل ہے۔ اس مقابلے کو کھیل کی عالمی گورننگ باڈی، ورلڈ ایتھلیٹکس، کی جانب سے گولڈ لیول کا درجہ بھی دیا گیا ہے، جو اس کی اہمیت اور معیار کو ظاہر کرتا ہے۔

اس ایونٹ کی تیاری کے تحت اسٹیڈیم میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کئی اسٹینڈز میں نئی نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے، نارتھ اسٹینڈ میں کارپوریٹ اور وی وی آئی پی باکس بنائے گئے ہیں، اور شائقین کو قریب سے کھیل دیکھنے کا موقع دینے کے لیے پچ سائیڈ ہاس پیٹیلٹی زون تیار کیا گیا ہے۔ ساؤتھ اسٹینڈ میں ایک تفریحی اسٹیج تیار کیا گیا ہے، اور ایتھلیٹس کو بہترین کارکردگی کا ماحول دینے کے لیے مین ٹرف کو ازسرنو بچھایا گیا ہے۔

اس اہم ایونٹ سے قبل ایک پریس کانفرنس میں نیرج چوپڑا نے کہا"میں کرناٹک حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی کوششوں سے ہم ایتھلیٹس کے لیے عالمی معیار کی سہولیات اور شائقین کے لیے شاندار تجربہ فراہم کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ تزئین و آرائش میں بہت محنت لگی ہے، اور میں خاص طور پر وزیر اعلیٰ سدارمیا صاحب، ڈاکٹر کے گووندراج صاحب اور اس میں شامل تمام حکام کا شکر گزار ہوں۔ یہ سب کے لیے ایک یادگار پروگرام ہوگا۔"۔"

کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارمیا نے کہا:"کرناٹک حکومت نے نیرج چوپڑا کلاسک کو ابتدا ہی سے مکمل حمایت دی ہے، جب سے ہمیں اس ایونٹ کے امکان کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہندوستان  کا سب سے کامیاب اولمپک ایتھلیٹ ملک میں ایک عالمی معیار کی ایتھلیٹکس مقابلہ لا رہا ہے، اور کرناٹک ریاست ملک میں اسپورٹس انقلاب لانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ میں نے نیرج سے ملاقات کی ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ یہ مقابلہ ملک میں کھیلوں کے انعقاد کا نیا معیار بنے گا۔"
کرناٹک اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر کے گووندراج نے کہا، "کرناٹک اولمپک ایسوسی ایشن (کے او اے) اور یوتھ ایمرجمنٹ اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ (ڈی وائی ای ایس) شروع سے ہی نيرج چوپڑا کلاسیک کی کامیابی کے لیے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔ ہم نے آج صبح وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں تیاریوں کے بارے میں بتایا اور انہوں نے ہمیں ایونٹ کے ہر پہلو میں اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔"

Ads