Masarrat
Masarrat Urdu

ایران پر امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ایرانی مندوب

Thumb

اقوام متحدہ، 23 جون (مسرت ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا جس کے وقت اور نوعیت کا فیصلہ ایرانی افواج کریں گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جاری مذاکرات کو خود امریکہ نے تباہ کیا ہے۔

 اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران ہمیشہ سفارتکاری اور مذاکرات کے لیے سنجیدہ رہا ہے لیکن امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں نے خطے میں بدامنی کو فروغ دیا ہے۔

 سعید ایروانی نے مزید کہا کہ ایران اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کر رہا ہے جبکہ امریکہ خطے میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

ایرانی مستقل مندوب نے امریکہ کی جانب سے ایرانی پر امن جوہری تنصیبات پر جارحیت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا ہےکہ ایران کو اپنی خودمختاری کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور ان حملوں کا بھرپور اور متناسب جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اس جارحیت پر موثر اور غیر جانبدارانہ کارروائی کرے ورنہ نتائج پوری دنیا بھگتے گی۔

انکا کہنا تھا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے دفاع سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Ads