Masarrat
Masarrat Urdu

انڈین نالج سسٹم اور کثیر لسانی ہندوستانی ثقافت کے فروغ میں اردو زبان و ادب کا کردار غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے:ڈاکٹر شمس اقبال

Thumb

نئی دہلی، 3 جون (مسرت ڈاٹ کام)  قومی کونسل براے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے2047تک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں ہندوستانی نالج سسٹم اور کثیر لسانی ثقافت کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے فروغ و استحکام میں ملک کی دیگر زبانوں کے ساتھ اردو کو بھی مطلوبہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ بات انہوں نے اردو کونسل کے صدر دفتر میں آج اردو ادب پینل کی میٹنگ کے آغاز میں تمام معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہی اور کہا کہ اس نوتشکیل شدہ پینل میں ملک کی نمایندہ ادبی شخصیات شامل کی گئی ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ آپ کی رہنمائی میں اس پینل کے تحت مفید اور ضروری ادبی موضوعات پر کام ہوگا۔
ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے اردو زبان میں مختلف ہندوستانی زبانوں کے معیاری ادب کا ترجمہ شائع کرنا ضروری ہے،جس کے لیے کونسل پرعزم ہے اور ریاستی اردو اکادمیوںکو خط ارسال کرکے متعلقہ ریاست کے نمایندہ ادب کی نشان دہی کی درخواست کی جائے گی تاکہ اسے اردو قارئین تک بھی پہنچایاجاسکے اور تمام ہندوستانی زبانوں کے مابین ہم آہنگی کو مضبوط کیا جاسکے۔
میٹنگ کے چیئر مین پروفیسر قدوس جاوید نے معیاری ادب کی اشاعت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اردومیں عربی،فارسی،سنسکرت کی بنیادی تحقیقی و تنقیدی کتابوں کے تراجم بھی شائع ہونے چاہئیں ۔انھوں نے کہا کہ روایتی انداز کے غیر مفید موضوعات کے بجائے موجودہ دور میں کارآمد موضوعات پر تصنیف،تحقیق اور ترجمے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سینئر ادیب و دانشور جناب جانکی پرساد شرمانے کہا کہ ہندی ریاستوں کے لوک گیتوں کو اردو میں منتقل کرکے ان کا انتخاب شائع کرنا بھی ایک اہم کام ہوگا۔اس موقعے پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اردو زبان میں اردو کی اہم ادبی شخصیات کے مونوگراف کے علاوہ ہندی اور دیگر ہندوستانی زبانوں کی اہم ادبی شخصیات کے بھی مونوگراف اور ان کی نمایندہ تحریروں کے انتخابات تیار کروائے جائیں تاکہ اردو والے بھی ان سے آشنا ہوسکیں۔ اسی طرح اس میٹنگ میں ہم عصر ٹکنالوجی جیسے آرٹیفیشیل انٹیلی جنس وغیرہ پر اردو مواد کی تیاری کے ساتھ ماحولیات اورقدرتی ذخائر کے تحفظ وغیرہ پر بھی اردو کتابوں کی تیاری و اشاعت پر زور دیا گیا۔
میٹنگ کے دوران اردو ادب پینل کی گزشتہ میٹنگ (منعقدہ 4اگست 2022)کی روداد کی تصدیق کے ساتھ اس کے تحت چل رہے مختلف اشاعتی پروجیکٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور متعدد کتابوں کی اشاعت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،جبکہ نئے موصول ہونے والے پروپوزلس پر بھی غورکرکے ان کے تعلق سے فیصلہ لیا گیا ۔پینل کے ممبران نے اس پر زور دیا کہ آج کے دور کے اشاعتی طریقۂ کار کو دیکھتے ہوئے ضخیم اور کئی کئی جلدوں پر مشتمل کتابوں کی کثیر تعداد میں اشاعت کی بجاے ’پرنٹ آن ڈیمانڈ‘ کے اصول پر عمل کیا جائے ،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضخیم کتابوں کے انتخابات شائع کیے جائیں اور اصل ورژن پی ڈی ایف یا ای پب فارمیٹ میں کونسل کی ویب سائٹ یا ای -کتاب ایپ پر آن لائن فراہم کروادیا جائے تاکہ جنھیں ضرورت ہو وہ اس سے استفادہ کرلیں۔
میٹنگ میں شامل پینل کے دیگر ممبران میں پروفیسر صغیر افراہیم،پروفیسر نسیم الدین فریس،پروفیسر شبنم حمید،پروفیسر احمد محفوظ،پروفیسر آفتاب عالم آفاقی،پروفیسر مشتاق عالم قادری(آن لائن)، ڈاکٹر نعیم انیس،ڈاکٹر درانی شبانہ قابل ذکر ہیں،جبکہ ڈاکٹر خاور نقیب کسی ناگزیر وجہ کی بناپر شریک نہ ہوسکے۔ان کے علاوہ این سی پو ایل کی گورننگ کونسل کے ممبران ڈاکٹر سید مشیر عالم (آن لائن) ور ڈاکٹر شمشیر سنگھ نے بطور مدعوئین خصوصی شرکت کی۔ کونسل سے ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی(اسسٹنٹ ڈائرکٹر،اکیڈمک)، ڈاکٹر مسرت(ریسرچ آفیسر)،ڈاکٹر عبدالباری(اسسٹنٹ ایڈیٹر) نایاب حسن(ریسرچ اسسٹنٹ) ، نہاں(ریسرچ اسسٹنٹ)،نصرت جہاں(ریسرچ اسسٹنٹ) اور محمد افروز(ویب ماسٹر) وغیرہ میٹنگ میں موجود رہے۔

Ads