تہران، 29 مئی (مسرت ڈاٹ کام) امریکی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کے بعد جلد معاہدہ طے پائے گا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری پروگرام کے حوالے سے بالواسطہ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ فریقین نے اب تک ہونے والے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
مبصرین دونوں کے درمیان ایک معاہدے کی امید ظاہر کررہے ہیں۔
اسی حوالے سے امریکی چینل سی این این نے باخبر ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ایک جامع معاہدہ طے پانے کے قریب ہے اور امکان ہے کہ یہ آئندہ دور کی بات چیت میں باضابطہ طور پر طے پاجائے۔
چینل کے مطابق، ذرائع نے معاہدے کی تفصیلات ظاہر کیے بغیر دعوی کیا ہے کہ آئندہ دور کی گفت و شنید مشرقِ وسطیٰ کے کسی ملک میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پانچویں دور کی بالواسطہ بات چیت 2 جون کو اٹلی کے دارالحکومت روم میں عمان کی ثالثی میں منعقد ہوئی۔
دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کی ہے جن کے ہمراہ معاون سیاسی مجید تخت روانچی، معاون قانونی امور کاظم غریب آبادی اور وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی شامل تھے جبکہ امریکی وفد کی قیادت سینئر مذاکرات کار اسٹیو وٹکاف نے کی ہے۔