Masarrat
Masarrat Urdu

حیدرآباد کے پُرانے شہر کے علاقہ گلزار حوض میں عمارت میں خوفناک آگ،17افرادہلاک

Thumb

حیدرآباد18مئی(مسرت ڈاٹ کام) حیدرآباد کے پُرانے شہر کے علاقہ گلزار حوض میں ایک عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجہ میں 17افرادہلاک ہوگئے۔مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کاامکان ہے۔ اتوار کی صبح پیش آئے اس واقعہ میں 6افرادزندہ جھلس کرہلاک ہوگئے۔مہلوکین میں دو چھوٹے بچے اورچارخواتین بھی شامل ہیں۔اس واقعہ کے ساتھ ہی کئی افراد بے ہوش ہوگئے۔کئی افراد کو عثمانیہ اسپتال اوردیگر پرائیویٹ اسپتال منتقل کیاگیا جہاں علاج کے دوران کئی افراد کی موت ہوگئی جبکہ بعض موقع پرہی ہلاک ہوگئے۔عہدیداروں نے شبہ ظاہر کیاکہ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ ہے۔مہلوکین کی شناخت 70سالہ پرہلاد،70سالہ مُنی،65سالہ راجندرمودی،60سالہ سُمترا،7سالہ ہیمے،31سالہ ابھشیک،35سالہ شیتل،4سالہ پراونش،2سالہ ایرج،3سالہ اروشی،4سالہ رشب،1.5سالہ پریتم، 3سالہ انوین،35سالہ ورشا،36سالہ پنکج،32سالہ رجنی اور4سالہ اڈوکے طورپر کی گئی ہے۔  فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا ہے کہ عمارت میں لگی شدید آگ کے نتیجہ میں کئی بری طرح جھلس گئے ہیں۔حیدرآبادڈیزاسٹررسپانس اینڈ ایسٹ پروٹکشن ایجنسی(حیدرا) کی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ٹیموں نے بتایا کہ عمارت کی نچلی منزل پر تجارتی دکانیں واقع ہیں، جبکہ اوپری تین منزلوں کو رہائشی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ٹیموں کے مطابق، بالائی منزلوں پر دھوئیں میں کئی لوگ پھنس گئے تھے۔بچاوکارروائی کے لئے دو ڈی آر ایف ٹیمیں اور چار فائر بریگیڈس موقع پرپہنچ گئے۔ دریں اثنا، پولیس، ڈی آر ایف اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنر انوراگ جینتی، ساؤتھ زون کی ڈی سی پی سنیہا مہرا اور دیگر اعلیٰ عہدیدارموقع پر موجود تھے جنہوں نے پوری کارروائی پر نظررکھی۔ آگ عمارت کے نچلے حصے میں واقع زیورات کی دکانوں سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی بالائی منزلوں تک پھیل گئی۔زیورات کی دکانوں میں اُس وقت کوئی موجود نہیں تھا، تاہم بالائی منزلوں پر کچھ خاندان رہائش پذیر تھے۔ اطلاع ملنے پر مغل پورہ اور گولی گوڑہ فائر اسٹیشنس سے فائر بریگیڈس فوری طور پر موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔جملہ 11فائرانجنس، 1فائرفائٹنگ روبوٹ،17فائرآفیسرس اور70ملازمین نے آگ پر قابو پایا اورراحت کاموں کے ذریعہ پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کا کام کیا۔تقریبادوگھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایاجاسکا۔فائر بریگیڈ کے عہدیداروں نے عمارت میں پھنسے پانچ افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔ آگ بجھانے کے دوران ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ عمارت تک پہنچنے کا کوئی مناسب راستہ موجود نہیں تھا، جس کے باعث عہدیداروں کو قریبی عمارتوں پر چڑھ کر آگ بجھانے کی کوشش کرنی پڑی۔  آگ کے ساتھ ہی مقامی افراد اورعوام کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی جنہوں نے راحت کاموں میں مدد کی۔

Ads