Masarrat
Masarrat Urdu

پنجاب کے کئی اضلاع میں دیر رات ڈرون حملے، فیروز پور میں تین افراد زخمی، گورداسپور میں ہوا 15 فٹ گہرا گڈھا

Thumb

چنڈی گڑھ، 10 مئی (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستانی فوج کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن سندور کے بعد پاکستان نے پنجاب کے گرداس پور، امرتسر، پٹھان کوٹ، دسوہا، ہوشیار پور، جالندھر اور فیروز پور اضلاع میں کل رات ڈرون حملے کیے جو سنیچر کی صبح تک جاری رہے۔

پنجاب کے سرحدی ضلع گورداسپور کے راجو ویلا چھچھرا گاؤں میں ہفتہ کی صبح ایک زبردست دھماکہ ہوا۔ گاؤں کے ایک خالی کھیت میں بم جیسی چیز گرنے سے تقریباً 40 فٹ لمبا اور 15 فٹ گہرا گڑھا بن گیا۔ اس دھماکے کی آواز سن کر گاؤں کے لوگ خوفزدہ ہیں۔ تین سے چار کلومیٹر کے علاقے میں لوگوں کے گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ چھچھرا گاؤں میں رات کو چار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ سرپنچ سکھ دیو سنگھ کے مطابق گاؤں کے کھیتوں میں بڑے گڑھے بن گئے ہیں۔ گڑھے کے ارد گرد ایک بم جیسی چیز بکھری ہوئی ملی۔ اس سلسلے میں پولیس کو اطلاع کر دی گئی ہے۔
ہفتہ کی علی الصبح ضلع جالندھر کے گاؤں کنگنیوال اور کرتار پور کے گاؤں منڈ موڑ میں ڈرون دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ ڈرون کی باقیات جالندھر کے گاؤں کنگنیوال کے ایک گھر سے برآمد ہوئے ہیں اور اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ جالندھر کے قریب آسمان پر 10 سے 15 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یہاں دھماکوں کی آوازیں اب بھی سنائی دے رہی ہیں۔
جالندھر ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہمانشو اگروال نے کہا کہ ڈرون کو دیکھے جانے کے بعد افسران  نے عارضی بلیک آؤٹ نافذ کر دیا۔ ڈاکٹر اگروال نے کہا  ’’ہم نے کچھ وقت کے لیے بلیک آؤٹ نافذ کر دیا ہے کیونکہ جالندھر میں کچھ ڈرونز کے دیکھے جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔ سیکورٹی فورسز جانچ کر رہی ہیں۔‘‘
پنجاب کے شہر فیروز پور میں جمعہ کی شب مشتبہ ڈرون حملے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ فیروز پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھوپندر سنگھ کے مطابق، فیروز پور کے گاؤں ویمنکے پر پاکستان کی جانب سے کئی ڈرون فائر کیے گئے جنہیں فوج نے مار گرایا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ایک گھر میں بجلی چلی جس کے فوراً بعد ایک ڈرون گھر پر گرا اور گھر میں موجود تین افراد جھلس گئے۔ ان کے نام  زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔
پٹھان کوٹ پر مشتبہ ڈرون بھی دیکھے گئے اور سیکورٹی فورسز انہیں بے اثر کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔ یہ واقعات ہندوستان کی جانب سے اپنی فضائی حدود میں متعدد پاکستانی میزائلوں کو روکنے کے ایک دن بعد پیش آئے۔ پٹھان کوٹ ایئربیس سے مسلسل دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں۔ اب تک پٹھان کوٹ ایئربیس اور آس پاس کے علاقوں سے 20 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی جا چکی ہیں۔
امرتسر میں اب بھی ریڈ الرٹ ہے، ضلع کمشنر نے پریشان نہ ہونے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ امرتسر میں ابھی بھی ریڈ الرٹ ہے، اسی لیے سائرن بجائے گئے۔ ڈسٹرکٹ کمشنر نے سب سے کہا ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور اپنی لائٹس بند رکھیں اور اگلی اطلاع تک رضاکارانہ طور پر  بلیک آؤٹ برقرار رکھیں۔
دھماکوں اور مشتبہ ڈرون حملوں کی اطلاعات کے درمیان جمعہ کی رات پنجاب کے کئی اضلاع میں بلیک آؤٹ نافذ کر دیا گیا تھا۔ برنالہ، پٹیالہ، مالیرکوٹلہ اور لدھیانہ کے کچھ حصوں میں صبح تقریباً ایک بجے بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔ سنگرور کو  شروع میں 9:30 بجے سے 1:00 بجے تک اور پھر کم از کم 5:00 بجے تک بجلی کی طویل بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ ملیرکوٹلہ میں دوپہر 1.15 بجے سے اور فرید کوٹ میں دوپہر 1.30 بجے سے بجلی کی فراہمی منقطع رہی۔
جب ڈروان  جالندھر ریلوے اسٹیشن کے قریب رشی نگر سے ہوتے ہوئے نکلے  تو  لوگوں نے اپنے موبائل فون پر ڈرون کی ویڈیو ریکارڈ کی ۔ جالندھر میں گزشتہ رات ایک دھماکہ ہوا۔ ہندوستانی ایجنسیوں نے کئی ڈرون مار گرائے لیکن چند گھنٹوں بعد پاکستان نے پھر ڈرون سے حملہ کر دیا۔
چنڈی گڑھ میں بھی صبح 1 بج کر 22 منٹ پر سائرن بجنے لگا۔ سائرن مسلسل بج رہا ہے۔ چنڈی گڑھ میں لڑاکا طیارے نگرانی کر رہے ہیں۔ دیر رات آسمان پر لڑاکا طیاروں کی آوازیں سنی گئیں۔
امرتسر میں تین سے چار ڈرون آنے کی اطلاع ہے، جن کا ہدف اجنالہ روڈ پر واقع ایئر فورس اسٹیشن اور امرتسر کینٹ کا علاقہ تھا۔ ان ڈرونز کو ہندوستانی فوج نے ناکارہ کر دیا تھا۔ تقریباً 15 سے 20 دھماکے ہوا میں ہوئے۔ گورداسپور اور فاضلکا کے کرتار پور کوریڈور میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ فاضلکا کے سرحدی گاؤوں میں آسمان پر ایک آواز سنائی دی۔ ضلع ترن تارن کے قصبہ ہریکے میں چار سے چھ میزائل حملے ہوئے۔

Ads